مزید خبریں

آئی بی اے میرپورخاص کیمپس کی بندش قبول نہیں ، جماعت اسلامی

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی میرپور خاص کے امیر حاجی نور الٰہی مغل نے آئی بی اے کیمپس کی بندش کی اطلاعات پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی میرپورخاص کے سیکڑوں طالب علموں کے ساتھ ہونے والے استحصالی و تعصبانہ ناروا سلوک کی پرزور مذمت کرتی ہے۔ میرپورخاص کے لاکھوں شہری وفاقی اور سندھ حکومت کے دہرے سلوک و امتیاز کا شکار ہوکر پہلے ہی ہر طرح کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، میرپورخاص کے لاکھوں شہری میونسپل کارپوریشن کا درجہ ملنے کے باوجود میڈیکل و انجینئرنگ کالج و یونیورسٹی کی سہولت سے محروم ہیں، سیکڑوں طلبہ وطالبات روزانہ طویل اور تھکا دینے والے سفر کی اذیت میں مبتلا ہوکر اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے علی الصبح جامشورو کا رُخ کرتے ہیں۔ حاجی نور الٰہی مغل نے کہا کہ گزشتہ الیکشن میں عوام سے یونیورسٹی کا وعدہ کرکے ووٹ لے کر منتخب ہونے والے سیاسی نمائندے و پارٹیاں آج اپنے بنگلوں و محلات میں خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئی بی اے میرپورخاص کیمپس کی بندش کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ جماعت اسلامی آئی بی اے کیمپس کے طلبہ و والدین اور شہری حلقوں کے ساتھ مل کر پوری قوت سے ہر طرح کی جدوجہد اور کوشش کرکے کیمپس کی بندش روکنے کی پرامن جدوجہد کرے گی۔