مزید خبریں

حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت مرکزی شوریٰ کا اجلاس،مرکزی نظم کا پہلا مرحلہ مکمل

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے پہلے روز شوریٰ سے مشاورت کے بعد امیر العظیم کو جماعت اسلامی کا سیکرٹری جنرل مقرر کیا ہے جبکہ پہلے مرحلے میں لیاقت بلوچ،میاں محمد اسلم،ڈاکٹر عطا الرحمن اور ڈاکٹر اسامہ رضی کو نائب امرا جماعت اسلامی پاکستان مقرر کر دیا ہے، دیگر نائب امرا کے لیے مشاورت کا عمل مکمل ہونے کے بعد مزید نائب امرا اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا تقرر کیا جائے گا۔ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس جمعہ کو شروع ہوا، حافظ نعیم الرحمن کی زیرصدارت اجلاس منصورہ میں 3 دن تک جاری رہے گا۔ اجلاس میں سالانہ رپورٹس پیش کی جائیں گی اور جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں مجالس قائمہ اور کمیٹیوں کی رپورٹس بھی پیش ہوں گی، شوریٰ اجلاس میں اہم قومی ایشوز پر قراردادوں کی منظوری بھی دی جائے گی۔اجلاس میں موجودہ سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔