مزید خبریں

حکومت مہنگائی کے خاتمے کیلیے اقدامات کرے، نظام آرائیں

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے رہنما اور معروف بلڈر چوہدری نظام الدین آرائیں نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے، مہنگائی کے باعث غریب عوام معاشی بدحالی سے دوچار اور قوت خرید جواب دے چکی ہے، غریب عوام بھوک و افلاس کا شکار ہے، انہیں فوری طورپر ریلیف دیا جائے تاکہ وہ باعزت طورپر اپنی زندگی گزار سکیں۔ انہوںنے کہاکہ آج ملک میں جس طرح کی مہنگائی ہے، اس سے سفید پوش غریب عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے ، ضلعی انتظامیہ اشیاء صرف کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں کردار ادا کرے کیونکہ ہر آنے والے دن کے ساتھ منافع خور اور ذخیرہ اندوز روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب عوام کو مسلسل معاشی بدحالی میں مبتلا کر رہے ہیں۔ ایک طرف تو مہنگائی عروج پر ہے تو دوسری جانب بیروزگاری کی وجہ سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں، ہر آنے والے دن کے ساتھ بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافے سے صنعتیں بند ہو رہی ہیں، حیدرآباد اور کوٹری کے صنعتی علاقوں ، ملوں اور کارخانوں میں شفٹیں بھی کم کر دی گئی ہیں جس سے بیروزگاری میں اضافہ ہورہا ہے۔