مزید خبریں

ارباب نیاز اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن میں تاخیر‘شائقین پریشان

پشاور (غنی الرحمن ) صوبائی داراحکومت پشاورکے وحد کرکٹ گرائونڈ ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کی جاری اپ گریڈیشن تاخیر کا شکار ہے، جس سے کرکٹ کے شائقین میں پریشانی اور کھیلوں کے صحافیوں کے لیے چیلنجز پیدا ہوئے ہیں۔ کئی سالوں کی تعمیر کے باوجود اگلی دہائی کے اندر اسٹیڈیم کی تکمیل ناممکن دکھائی دیتی ہے، جس کی وجہ سے پشاور کے کرکٹ شائقین میچوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے ترس گئے ،جبکہ مقامی صحافی بھی اپنی ذمہ داریوں سے محروم ہیں۔تفصیلات کے مطابق ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے طویل عرصے سے سست روی سے جاری کام نے پشاور میں کرکٹ کے شائقین کو براہ راست میچز دیکھنے سے محروم کر دیا ہے،اسی طرح کھیلوں کے صحافی، جنہیں کرکٹ ایونٹس کی رپورٹنگ کا کام سونپا گیا ہے، مناسب جگہ کی عدم دستیابی کی وجہ سے اہم رکاوٹوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ پشاور میں فنکشنل سٹیڈیم کی عدم موجودگی نے نہ صرف مقامی لوگوں کو کرکٹ کی تفریح چھین لی ہے بلکہ میچوں کی صحافتی کوریج میں بھی رکاوٹ پیدا کر دی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو پشاور کا عبوری ہوم گراؤنڈ قرار دیدیا ہے۔