مزید خبریں

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ قبول نہیں ، سائٹ صنعتکار

کراچی (کامرس رپورٹر) سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر محمد کامران عربی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی مخالفت کرتے ہوئے اس اقدام کو صنعت و معیشت کے لیے افسوسناک قرار دیا ہے اور وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر پندرہ دن بعد پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کریں بصورت دیگر پیداواری لاگت میں مسلسل اضافے کی وجہ سے صنعتیں چلانا انتہائی دشوار ہو جائے گا۔انہوں نے وزیرعظم سے اپیل میں مزید کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کیا جا رہا ہے جس سے صنعتیں چلانا تو دور کی بات معمولات زندگی گزارنا محال ہوگیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے عوام پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا جو پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسنے پر مجبور ہیں جبکہ کاروباری و پیداواری لاگت میں مزید اضافے کی صورت میں صنعتوں پر اس کے براہ راست منفی اثرات مرتب ہوں گے۔کامران عربی کا کہنا تھا کہ بجلی، گیس نرخوں میں بے پناہ اضافے نے پہلے ہی صنعتی سرگرمیوں کو کافی حد تک متاثر کیا ہے اور اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے صنعتوں کا پہیہ رک جائے گا اور اس کا نتیجہ بالآخر برآمدات میں کمی اور بڑے پیمانے پر بے روزگاری کی صورت میں نکلے گا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ایسا کوئی بھی قدم اٹھانے سے گریز کیا جس سے صنعت و تجارت اور مجموعی طور پر قومی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں بلکہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پالیسیاں وضع کی جائیں تاکہ کاروبار چلتا رہے اور صنعتی پہیہ بلارکاوٹ گھومتا رہے۔