مزید خبریں

پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ صنعتوں کو برباد کر رہا ہے،سرحد چیمبر

پشاور(کامرس ڈیسک) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فواد اسحق نے یکے بعد دیگرے پٹرولیم مصنوعات ،بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کو خیبر پختونخوا کی صنعتوں کی بربادی کی نوید قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ خیبر پختونخوا بجلی و گیس میں خود کفیل ہونے کے ساتھ ساتھ نیٹ ایکسپورٹر بھی ہے جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار صوبے میں زیادہ ہے جس کے باوجود دیگرترقی پذیر صوبوں کے ساتھ خیبر پختونخوا پر اضافی قیمتوں کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے جو کہ سراسر ناانصافی اور ناقابل قبول ہے۔ سرحد چیمبر میں مختلف کاروبار سے وابستہ افرادسے ملاقات کے دوران صدر فواد اسحق نے خطاب کرتے ہوئے حالیہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو فوری طور پرواپس لینے کا مطالبہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ دیگربڑے صوبوں کا بوجھ خیبر پختونخوا کی عوام اور معیشت پر ڈالنا سراسرزیادتی ہے۔ حکومتی پالیسیوں کے نتیجہ میں خیبر پختونخوا میں صنعتیں تباہ ہو رہی ہیں اور بے روزگاری میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث عوام میں کافی تشویش پائی جاتی ہے اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال پیدا کرنے کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے۔ خیبر پختونخوا پہلے ہی سے سمندر سے دور ہے اور بجلی ،گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اس چھوٹے صوبے کے حقوق سلب کرنے کے مترادف ہے۔