مزید خبریں

سر سید یونیورسٹی فل اسکالر شپ دیکر مثال قائم کررہی ہے، وائس چانسلر

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) وائس چانسلر سر سید یونیورسٹی پروفیسر ولی الدین نے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کا مستقبل محفوظ کرنے میں جامعات کا کردار بہت اہم ہوتا ہے،سر سید یونیورسٹی فل سکالر شپ دے کر مثال قائم کر رہی ہے،کھیل اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کرتے رہیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سر سید یونیورسٹی میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں کیا جس میں پاکستان انڈر19کرکٹ ٹیم کے کپتان سعد بیگ کو سو فیصد تعلیمی اسکالر شپ دی گئی۔تقریب میں سر سید یونیورسٹی کے رجسٹرار کموڈور (ر) سید سرفراز علی،ڈین ڈاکٹر محمد عامر،ڈاکٹر آصف،ڈاکٹر میر علی شبر،داکٹر نسیم،اسپورٹس کنوینر قاضی نصر،ڈائرکٹر اسپورٹس سر سید یونیورسٹی انٹر نیشنل مبشر مختار،معروف اسپورٹس اینکر یحییٰ حسینی،سینئر اسپورٹس جرنلسٹ شکیل یامین کانگا،شاہد نواب اور دیگر بھی موجود تھے۔تقریب میں سر سید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ولی الدین نے قومی انڈر19کرکٹ ٹیم کے کپتان کو نیورسٹی میں داخلے اور اسکالر شپ کی دستاویزات دیں۔ان کا کہنا تھا کہ کھیل اور فنون لطیفہ سے وابستہ لوگوں کی سرپرستی وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے کھیل اور اپنے ہنر و فن پر فوکس کر سکیں اور اپنی صلاحیتوں کا بہترین اور بھر پور اظہار کر کے نا صرف ملک بلکہ اپنی مارد علمی کا نام بھی روشن کر سکیں،رجسٹرار سر سید یونیورسٹی کموڈور(ر)سید سرفراز علی کا کہنا تھا کہ سر سید یونیورسٹی بہترین کھلاڑیوں کی قدر کرتی ہے، آئندہ بھی با صلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی خواہ ان کا تعلق کسی بھی کھیل سے ہو۔اس حوالے سے ہمارا اسپورٹس ڈپارٹمنٹ بھی فعال کردار ادا کر رہا ہے یہی وجہ ہے کہ ایچ ای سی ایونٹس میں بھی ہماری اب تک کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔علاوہ ازیں سعد بیگ نے سر سید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار سے بھی ملاقات کی اور اظہار تشکر کیا۔واضح رہے کہ سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اس سے قبل پاکستان کی انڈر19ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان عروب شاہ اور اور ہاکی اولمپئن عبدالحسیم خان کو بھی فل اسکالر شپ دے چکی ہے۔