مزید خبریں

ہاکی فیڈریشن عہدیداروں کی چپقلش،ملازمین رل گئے،5 ماہ کی تنخواہ سے محروم

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان ہاکی فیڈریشن میں دھڑے بندی اور کرسی کی جنگ نے ملازمین کو فاقہ کشی پر مجبور کردیا۔ ملازمین جن کا تعلق کراچی اور لاہور سینٹرز سے ہے 5ماہ کی تنخواہ سے محروم ہیں۔ گزشتہ روز ہاکی کیمپ کی کوریج کے سلسلے میں موجود نمائندہ جسارت سے متاثرہ ملازمین نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے پر بتایا کہ ہم نہایت ہی مجبوری کی ذندگی گزار رہے ہیں اور فیڈریشن کو ہماری اور ہمارے گھر والوں کی ذرا پرواہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے ملازمین جن کا تعلق لاہور ہیڈکوارٹر اور کراچی سینٹر سے ہے 2گروپوں کی چکی میں پس رہے ہیں۔ نہ تو حکومت اور نہ اسپورٹس بورڈ ان کی آہ و بکا سن رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ ہی حالات رہے تو خدانخواستہ کوئی ملازم خود کشی کرنے پر مجبور نہ ہوجائے کیونکہ وہ باقائدگی سے آفس آتے ہیں اور جب واپس گھر جاتے ہیں تو قرض دینے والے ان کے دروازے پر کھڑے ہوئے ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فاقہ کشی کی مجبوری نے انہیں مقروض بنادیا ہے اور کسی صورت فیڈریشن کے مالی معاملات سدھر کے نہیں دے رہے ۔ واضح رہے کہ فیڈریشن میں کرسی کی جنگ جاری ہے اور 2گروپس آپس کی چپقلش کو دور کرنے کے بجائے دنیا کے سامنے ملک کا تماشہ بنا رہے ہیں۔ گزشتہ روز کراچی گروپ کے زیراہتمام جس کی صدر شہلا رضا ہیں کے ٹریننگ کیمپ کا پہلا روز تھا جبکے لاہور گروپ نے جس کی قیادت بگٹی کررہے ہیں نے بھی کھلاڑیوں کا اسلام آباد میں 18اپریل کو کیمپ طلب کرلیا ہے۔