مزید خبریں

ریلوے پریم یونین سی بی اے راولپنڈی کا افطار ڈنر

ریلوے اسٹیشن راولپنڈی میں ریلوے پریم یونین CBA راولپنڈی ڈویژن نے افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔ جس میں ریلوے ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان ،شمس الرحمن سواتی تھے۔ پریم یونین کے ڈویژنل صدر ڈاکٹر اشتیاق عرفان نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا کہ وہ شدید بارش میں بھی تشریف لائے۔ انہوں نے کہا کہ پریم یونین اپنے ممبران کے دنیاوی معاملات کے ساتھ ساتھ ان کی نظریاتی تربیت کا بھی بھرپور خیال رکھتی ہے۔ اسی سلسلے میں جامع مسجد ریلوے اسپتال میں شب بیداری کا بھی اہتمام کیا گیا۔ جس میں قیام اللیل کے ساتھ ساتھ علماء کرام نے رمضان المبارک کے حوالے سے گفتگو بھی کی۔ افطار ڈنر کے اس اجتماع سے مہمان خصوصی صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان شمس الرحمن سواتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے نیکیاں سمیٹنے کے لیے ایک اور رمضان کا مہینہ عطا فرمایا۔ اس مقدس مہینہ میں ہمیں اپنے احتساب کا بھرپور موقع ملتا ہے۔ روزہ کے دوران ہم ہرقسم کے برے اعمال سے اجتناب کرتے ہیںاور فرائص کے ساتھ نفلی عبادات بھی کثرت سے کرتے ہیں۔ اور اسی طرح معاشرے میں بسنے والے لوگوں کی مدد بھی دل کھول کر کرتے ہیں۔ رمضان کی برکت سے ہم اپنے فرائض منصبی بھی بطریق احسن سر انجام دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ آپس میں لڑائی جھگڑے سے اجتناب کرتے ہیں۔ اسی طرح معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کی بھرپور مالی امداد بھی کرتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم ان تمام اعمال کو رمضان المبارک کے بعد بھی اسی طرح جاری وساری رکھیں۔ ریلوے پریم یونین CBA کی قیادت آپ لوگوں کے حقوق کی محافظ ہے۔ ہم اس کٹھن دور میں بھی آپ کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ماضی میں نااہل حکمرانوں اور کرپٹ بیوروکریسی نے ریلوے جیسے عظیم ادارے کو اس حال تک پہنچا دیا ہے۔ ریلوے کے مسائل کا حل نجکاری نہیں بلکہ اس کی بحالی ہے۔ ریلوے اب بھی عام آدمی کے لیے بہترین ذریعہ آمدورفت ہے۔ بہترین حکمت عملی سے اس عظیم قومی ورثے کو بچایا جا سکتا ہے، اس کے لیے ایک اہل اور دیانتدار انتظامیہ کی ضرورت ہے۔ اس کا حل ٹرینوں کو ٹھیکے پر دینے میں نہیں ہے۔ بلکہ اچھی سروس مہیا کرکے عوام کے لیے اس ذریعہ آمدورفت ہو پرکشش بنایا جاسکتا ہے۔یہ کرپٹ مافیا جو کہ لٹیرے حکمرانوں اور کرپٹ افسران پر مشتمل ہوتا ہے۔ہمیشہ پہلے قومی اداروں کو برباد کرتا ہے اور پھر خسارے کا واویلا شروع کر دیتا ہے اور عوام میں یہ تاثر دینے کی کوشش کرتا ہے کہ اس کی تباہی سراسر ملازمین کی وجہ سے ہے۔حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ ریلوے کے پاس اتنے اثاثے اور کاروبار کے مواقع ہیں کہ ان سے استفادہ کرکے ریلوے کو منانع بخش ادارہ بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے پاس بہت بڑی زمین ہے یہ ایک مکمل اسٹیٹ ہے اور کرپٹ مافیا کی نظر اس کی زمینوں پر ہے۔ انہوں نے کہا پہلے ماضی کی نجکاری کا حساب دیا جائے تب بات آگے بڑھے گی۔ ممتاز مزدور رہنما سید ظہور شاہ نے افطار سے قبل دعا کروائی۔