مزید خبریں

کاکول فٹنس کیمپ ، کیا مختصر عرصے میں قومی ٹیم اہداف حاصل کر سکی؟

کراچی (سید وزیر علی قادری ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی چند ماہ کی مصروفیات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کئی اہم فیصلے کیے جن میں مجوزہ ٹی ٹوئنٹی ہوم سیریز، اوے سیریز ، عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ اور آئندہ سال چیمپئنز ٹرافی کے لئے ان کو بہترین فٹنس، ہر شعبے میں پائی جانے والی اجتماعی اور انفرادی کمزوریاں جن میں بلے بازی، بولنگ، وکٹ کیپنگ، کیچز، فیلڈنگ اور فیلڈ میں تحمل، برداشت، سخت جان ہوکر ملک کو کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں فتح سے ہمکنار کرنا شامل ہے۔ یہ ہی نہیں کاکول میں جو مختصر چند روز کا رمضان کریم کے مہینے میں فٹنس کیمپ لگایا گیا ذرائع اس کی اندرونی کہانی اور اس کا نقشہ کھینچتے ہوئے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں منعقد ہونے والے آئندہ ماہ جون عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ سے اس کو جوڑ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا بہادر ملک میں پہنچنے سے لے کر میدان اور دیگر مقامات میں اس بات کا شدت سے خیال رکھنا ہے کہیں بھی اس کے ادب میں کمی نہ آئے۔ کھلاڑی ملک کا سفیر تو ہوتا ہی ہے لیکن یو ایس اے میں اس کی حیثیت دیگر کے مقابلے میں جداگانہ ہے۔ لہذا شدت پسندی کا کسی طور اظہار نہ کیا جائے ۔ سنچری میکر ہو یا کامیاب بولر یا میچ میں فتح، آداب یو ایس کا اس سے زیادہ خیال رکھنا ہے کہ ہم شدت پسند( فنڈامنٹلسٹ) نہیں فری ہٹ والے کھلاڑی ہیں۔ دوسری طرف ماہرین کا سوال ہے کہ کیا کاکول میں جس مشفقت اور نظم وضبط کے ساتھ فٹنس کیمپ میں قومی کرکٹرز نے محنت کی ہے اور بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہوگا کیا اتنے مختصر وقت میں پاکستان کرکٹ بورڈ وہ اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے جس کو پیش نظر رکھ کر کھلاڑیوں کو کاکول فٹنس اکیڈمی میں بھیجا گیا۔ دوسری طرف آج کاکول میں قومی ٹیم کا فٹنس کیمپ ختم ہوجائے گا، نیوزی لینڈ کے خلاف ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کیمپ کی فٹنس رپورٹ ملنے کے بعد ہوسکے گا۔پاکستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز، آئرلینڈ اور دورہ انگلینڈ پھر بعدازں عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ کا چیلنج درپیش ہے، جس کیلئے تیاریاں بھی بڑ زور و شور سے جاری ہیں۔ اسی تناظر میں قومی کھلاڑیوں کی فٹنس میں بہتری کے لیے کاکول اکیڈمی میں 2 ہفتے تک فٹنس کیمپ لگایا گیا، اس کیمپ میں آرمی کے ماہر ٹرینرز کی نگرانی میں کھلاڑیوں کو خصوصی مشقییں کرائی گئیں۔کھلاڑیوں کی فٹنس میں بہتری دیکھنے کیلئے انکے فٹنس اسسمنٹ ٹیسٹ بھی لیے گئے،کیمپ ختم ہونے کے بعد افطار ڈنر کے لیے اسلام آباد کے ہوٹل میں قیام کرنا ہے یا کہیں اور جانا ہے، یہ فیصلہ کرکٹرز پر چھوڑ دیا گیا ہے۔دوسری طرف پنڈی میں خصوصی افطار ڈنر پہلے آج طے تھا لیکن اب پلان میں تبدیلی کے بعد کل رکھا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی سربراہ محسن نقوی بھی اس میں مدعو کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ قومی ٹیم نیوزی لینڈ، انگلینڈ ، آئر لینڈ کی ٹیموں کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی جس کے بعد ٹی ٹوئنٹی کپ میں اس کا میچ بھارت کے خلاف نیویارک، امریکا میں شیڈول ہے۔