مزید خبریں

جیکب آباد : عید الفطر قریب، ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافہ کر دیا

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) عیدالفطر میں 4 دن رہ گئے، جیسے جیسے رمضان المبارک اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے، کراچی سے اندرون شہروں میں لوگ اپنوں میں عید منانے کے لیے روانہ ہونا شروع ہو رہے ہیں اور جیکب آباد شہر سے مختلف افراد اپنے گھروں کو جا رہے ہیں۔ ایسے میں ذرائع کے مطابق گاڑی مالکان نے عید کے قریب آتے ہی کراچی تا جیکب آباد کرایوں میں روزانہ کی بنیاد پر 500 روپے اضافہ کرنا شروع کر دیا، جس سے دیہاڑی دار اور متوسط طبقے کے ساتھ سرکاری آبائی علاقوں کو جانے والے شہری شدید پریشانی سے دوچار دکھائی دیتے ہیں۔ پردیسیوں کا کہنا ہے کہ ہر سال جب بھی عید منانے کے لیے وہ اپنے علاقوں میں جاتے ہیں تو کرایوں میں اس طرح ہوشربا اضافہ کر دیا جاتا ہے، کوئی ان ٹرانسپورٹرز حضرات کو پوچھنے والا نہیں ہوتا۔ دوسری جانب ٹرانسپورٹ مالکان کا کہنا ہے حکومت کی جانب سے حالیہ پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی مجبوری کے تحت کرایوں میں اضافہ کرنا پڑا ہے۔ علاوہ ازیں پولیس بھی انہیں دنوں میں بھاری بھاری چالان کرنا شروع کر دیتی ہے، اس لیے کرائے بڑھانے کے علاوہ اور کوئی گزارا نہیں۔ عوام کا مطالبہ ہے حکومت سندھ اس سلسلے میں سخت اقدامات کرے تاکہ غریب عوام اپنے گھروں کو پہنچ سکے۔