مزید خبریں

پنجاب اور وفاق پر بدترین دھاندلی زدہ ٹولہ مسلط کیا گیا‘ طارق

راولپنڈی (نمائندہ جسارت)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ بدترین دھاندلی کے نتیجے میں بدعنوان ٹولہ ایک بارپھروفاق اور پنجاب پرمسلط کردیا گیا، عوام کے ووٹ کی تذلیل کرکے مافیاز کو مسلط کرناحب الوطنی نہیں،حکمرانوں کا ذاتی
مفادات،اپنی تجوریاں بھرنے اور خاندانوں کو نوازنے کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں۔ان خیالات کااظہارانھوں نے صوبائی سیکرٹریٹ میں منعقدہ صوبائی مجلس شوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام مسائل اور ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں اورحکمرانوں کی عیاشیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ حکمران جماعتوں نے الیکشن مہم میں بلندوبانگ دعوے کئے اب آئی ایم ایف کے اشاروں پرمداری کے بندربنے ہیں،بجلی،گیس،پیٹرول سمیت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان تک پہنچانے والے ملک وقوم کے دشمن ہیں۔کرپشن کے خاتمے اوردیانتدارحکمرانوں کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں،جماعت اسلامی مظلوم عوام کے ساتھ مل کر کرپٹ مافیاز سے نجات کی جنگ جاری رکھے گی۔اجلاس میں غزہ کے مظلوم فلسطینی مسلمان سے اظہاریکجہتی او رحمایت کے عز م،پاکستان او رپنجاب کی سیاسی صورتحال سمیت الیکشن میں بدترین دھاندلی کے ذریعہ مافیاز کو عوام پر مسلط کرنے کے خلاف قراردادیں منظورکی گئیں۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان،نائب امرائے صوبہ حافظ تنویراحمد،قاضی محمدجمیل ودیگرصوبائی ذمہ داران اور صوبے بھرسے اراکین شوری نے شرکت کی۔