مزید خبریں

آبی بحران اور الخدمت فاؤنڈیشن کی کاوشیں

پانی زندگی ہے
پانی قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے،اسی سے زندگی کی بقابھی ہے اور ہمارے آنے والے کل کا انحصار بھی۔اس کی قدر ان سے پوچھیں جنھیں بوند بوندپانی کے حصول کے لئے میلوں کی مسافت پیدل طے کرنا پڑتی ہے۔ بہت سے مقامات تو ایسے بھی ہیں جہاں اتنی تگ و دو کے بعد جو پانی میسر آتا ہے وہ گدلا ہونے کے باعث اس قابل نہیں ہوتا کہ اسے پیا جاسکے لیکن قسمت کی ستم ظریفی کہ اس کے باوجود یہ لوگ اسے پینے پر مجبور ہیں۔ ہمیں اکیسویں صدی میں داخل ہوئے دو دہائیاں مکمل ہونے کو ہیں۔آج جہاں ہر شخص دولت کے حصول اور زندگی کو زیادہ سے زیادہ آسائشوں سے پرسکون بنانے کی دوڑ میں لگا ہوا ہے ۔وہیں ہمارے ہی ملک میں ایک بڑی تعداد ایسے افراد کی بھی ہے جن کی زندگی کا بڑا اور واحد مقصدپینے کے لئے صاف پانی کی تلاش ہے ۔
پانی کی موجودہ صورت حال آج ویسے تو پوری دنیا پانی کی قلت کی وجہ سے پریشان ہے لیکن پاکستان میں صورت حال زیادہ سنگین ہے۔عالمی ادارہ صحت کی ایک رپورٹ کیمطابق پاکستان کی 85 فیصد آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے۔ پانی کی آلودگی بہت سی بیماریوں کو جنم دے رہی ہے۔ہر پانچ میں سے چار امراض پانی سے لگنے والی بیماریوں سے پیدا ہوتے ہیں،جن میں سے اسہال بچوں میں اموات کا سب سے بڑا سبب ہے۔ورلڈ ریسورسز انسٹیٹیوٹ کے مطابق پاکستان کو پانی کے حوالے سے درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے ہنگامی طور پر اقدامات کی ضرورت ہے ۔ یہی صورت حال رہی تو2040 تک پاکستان دنیا بھر میں پانی کے بحران سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں23ویں نمبر پر آجائے گا۔اس وقت ملکی معیشت کا ایک بڑا حصہ ہسپتالوں میں پانی سے متعلقہ بیماریوں کے علاج پرخرچ ہو رہا ہے۔پاکستان میں پانی کے معیار پر نظر رکھنے اور اس کا جائزہ لینے کے پروگرامز نہ ہونے کے برابر ہیں ۔اداروں کا کمزور انتظام ،لیبارٹریز میں ساز و سامان کی کمی اور اس حوالے سے موثر قانون سازی کے فقدان نے اس مسئلے کو مزید گمبھیر بنا دیا ہے۔حکومتی بے حسی تو اپنی جگہ، لوگوں کی اس مسئلے کی سنگینی کے بارے لا علمی زیادہ تشویشناک ہے ۔

الخدمت صاف پانی پروگرام
الخدمت فائونڈیشن چونکہ انسانی خدمت کا ادارہ ہے،لہذالخدمت نے پانی کے مسئلے کی سنگینی اور ہماری آنے والی نسلوں کو ممکنہ خطرناک کے پیش نظر ایک قدم آگے بڑھایا اور صاف پانی پروگرام کا آغاز کیا۔اس پروگرام کے تحت ملک بھر میں آلودہ پانی کے نقصانات اور صاف پانی کی اہمیت کے حوالے سے آگہی مہم کے ساتھ ساتھ ہر علاقے کی مناسبت سے صاف پانی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔عام آبادیوں کے ساتھ ساتھ الخدمت فائونڈیشن جیلوں اور سکولوں میں صاف پانی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔تاکہ جیلوں میں قید اسیران اور قوم کے مستقبل طلبہ و طالبات کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جا سکے۔ صاف پانی کے ان منصوبہ جات سے مجموعی طور پریومیہ
قریباََ روزانہ قریبا56لاکھ78ہزار650 افرادمستفید ہورہے ہیں۔

واٹر فلٹریشن پلانٹ
شہری علاقوں میں پانی تو موجود ہے لیکن پانی کی ترسیل کے لئے بچھائی جانے والے لائنیں پرانی اور خستہ ہونے کے باعث جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔جس سے یہ پانی آلودہ ہوچکا ہے ا ور پینے کے قابل نہیں رہا۔ اس صورت حال میں الخدمت ایسے علاقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگارہی ہے جہاں سے مقامی آبادی کو پینے کا صاف اور صحت بخش پانی مارکیٹ سے نہایت ہی سستے ریٹس پر فراہم کیا جارہا ہے۔اب تک 233واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے جاچکے ہیں،ایک پلانٹ سے یومیہ 500 مقامی افراد مستفیدہوتے ہیں۔

گریوٹی فلوواٹر اسکیم
دور درازپہاڑی علاقوں میں پانی کا حصول ہمیشہ پریشانی کا باعث ہوتا ہے۔ اس صورت حال کے پیش نظر گریوٹی فلو واٹراسکیم کے ذریعے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہاہے۔ اس طریقہ کار میں پہاڑی چشموں سے نکلنے والے پانی کوکسی ایک جگہ بڑے ٹینک میں ذخیرہ کرنے کے بعد ضرورت کے مطابق پائپ لائنوں کے ذریعے متعلقہ آبادی تک پہنچا دیا جاتا ہے۔ ایک منصوبے سے یومیہ 500 مقامی افراد مستفیدہوتے ہیں جبکہ اب تک ایسے172منصوبے مکمل کئے جاچکے ہیں۔

کنوؤں کی کھدائی
پاکستان کے دیہی علاقوں میں پانی کے حصول کا روایتی اور قدیم طریقہ کار ہے۔اس مقصد کیلئے زمین میں مختلف تکنیکوں جیسے سوراخ کرنے اور بلاسٹنگ کے ذریعے گہری کھدائی کی جاتی ہے۔ کنویں کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لئے کھلے کنویں میں سیمنٹ کی انگوٹھی لگائی جاتی ہے جبکہ پانی باہر نکالنے کے لئے عام طور پر ہاتھ کی چرخی کا استعمال کیا جاتا ہے۔اب تک 2776کنویں کھودے جاچکے ہیں،فی کنواں یومیہ350 مقامی افراداور ان کے مویشیوں کو پینے کا صاف فراہم کرتا ہے۔

ہینڈ پمپ کی تنصیب
پاکستان کے دور دراز علاقوں میں زیادہ تر لوگ کھلے پانی پر انحصار کرتے ہیں جو عام طور پر غیر صحت بخش اور آلودہ ہوتا ہے۔اس ضمن میں الخدمت چھوٹے ہینڈ پمپس کی تنصیب کے منصوبوں پر کام کررہی ہے کیونکہ ایسے علاقوں میں ہینڈ پمپس پانی کے حصول کا مثالی ذریعہ تصور کئے جاتے ہیں۔ یہ ایک روایتی لیور ایکشن ہینڈ پمپ ہوتاہے جو کہ 200افراد پر مشتمل علاقے کی ضرورت کو پوری کرتا ہے۔اب تک 13,995کمیونٹی ہینڈ پمپس نصب کئے جاچکے ہیں۔

سولرسب مرسیبل واٹرپمپ
یہ پانی کے حصول کا جدید ترین طریقہ کارہے جس میں پانی دینے والی موٹر کو زیرِ زمین پانی کی تہہ میں نصب کیا جاتا ہے۔ اس طریقہ کار سے بجلی کا خرچ بھی کم ہوتا ہے اور پانی بھی وافر مقدار میں حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ایسے علاقے جہاں بجلی نہیں ہے یا لوڈشیڈنگ زیادہ ہوتی ہے وہاں ان پمپس کو سولر انرجی کے ذریعے چلایا جارہا ہے۔ایک سب مرسیبل پمپ یومیہ 500 مقامی افرادکوسیر کرتا ہے جبکہ اب تک ایسے427منصوبہ جات مکمل کئے گئے ہیں۔

دیگر منصوبہ جات
اس کے علاوہ دیگرمختلف منصوبہ جات سےتعلیمی اداروں،عوامی مقامات پر الیکٹرک واٹر کولرز کی تنصیب، چھوٹے فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب اور کسی بھی ناگہانی صورت حال میں بذریعہ ٹینکرز پانی کی فراہمی شامل ہے۔الخدمت فائونڈیشن صاف پانی کی فراہمی کےان منصوبوں کے ذریعے ایک صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے کوشاں ہے۔

عالمی یومِ آب
ان منصوبوں کے ساتھ ساتھ پانی کوضائع اور آلودہ ہونے سے بچانے، آلودہ پانی سے ہونے والی بیماریوں ، نقصانات اوراس کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی جاتی ہے۔اس ضمن میں ہر سال کی طرح اس سال بھی اقوام متحدہ کے بینر تلے 22مارچ کوپانی کے عالمی دن کے طور پر بھرپورنداز میں منایا جاتا ہے۔اس مقصد کے تحت ملک بھر میںآگاہی واک اورسیمینارز کا اہتمام کیا جائے گاتاکہ عوام الناس کواحساس دلا یا جائے کہ صاف پانی کا حصول نہ صرف آپ کی ضرورت ہے بلکہ بنیادی حق بھی۔

سدباب
پانی کے ذرائع ،اس کے معیار اور اس کے صحت پر اثرات سے آگاہی اہم ضرورتِ وقت ہے۔ اس کے علاوہ پانی کی مینجمنٹ کامؤثر نظام بنانے، واٹر سیکیورٹی سسٹم بنانے، نہری نظام کو پختہ بنانے، اس کے ضیاع کو روکنے کے لئے’’رین گن‘‘اور ’’ڈرپ واٹرنظام‘‘متعارف کروانے، شہروں، دیہاتوں میں زیرِ زمین پانی کے ذخیروں کودوبارہ بھرنے، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب، کھارے سمندری پانی کو میٹھا بنانے کے لئے پلانٹس کی تنصیب، اس مقصد کے لئے نیک نیتی سے کام کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کرنے اور ہر جگہ کے ماحول کی مناسبت سے سالانہ تسلسل کے ساتھ اربوں درخت لگانے کی مہم کا فوری آ غازاور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی اشدضرورت ہے۔

پیارے نبی ﷺ نے فرمایا کہ پانی پلانا بہترین صدقہ ہے ۔’’صاف پانی۔۔ محفوظ زندگی‘‘ ایک پیغام اور اعلان ہے جو دعوت دیتا ہے کہ نہ صرف خود پانی کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اِسے آلودہ ہونے سے بچائیں، اِس کا صحیح استعمال کریں بلکہ دوسروں کو بھی اِس دعوت میں شریک کریں اورخاص طور پر ہمارے وہ ہم وطن جن تک یہ بنیادی ضرورت نہیں پہنچی ، اُن تک اِس نعمت کو پہنچانے کا انتظام بھی کریں۔