مزید خبریں

ریلوے پریم یونین ( ورکشاپس) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس

ریلوے پریم یونین (ورکشاپ اسٹیبلشمنٹ) پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس راولپنڈی میں زیر صدارت مرکزی صدر چودھری محمودالحد منعقد ہوا۔ جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس کے مہمان خصوصی صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان شمس الرحمن سواتی تھے۔ مجلس عاملہ میں حیدر آباد کیرج شاپ،خانیوال سلیپر فیکٹری ،سکھر سلیپر فیکٹری ،لاہور کی تمام ورکشاپس ،برج ورکشاپ جہلم،رسالپور لوکو موٹو فیکٹری ،کوہاٹ سلیپر فیکٹری ،کیرج فیکٹری اسلام آباد اور سی ڈی ایل ورکشاپ کے تمام مرکزی عہدے داروں اور زونل صدور و سیکرٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں گزشتہ ریفرنڈم کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔ جس میں بتایا گیا کہ بہت کم مارجن سے پریم یونین ریفرنڈم میں ہاری ہے۔ پریم کے خلاف تمام سیاسی قوتیں اور ریلوے اسٹیبلشمنٹ نے ہر حربہ استعمال کیا۔ اجلاس میں ریفرنڈم میں پریم کی کمزوریوں اور غلطیوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اور ان کو دور کرنے کی حکمت عملی طے کی گئی۔

مہمان خصوصی صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان ،شمس الرحمن سواتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پریم ورکشاپ کی کامیابی یہ ہے کہ 33سال بعد ورکشاپ کے مزدوروں کو ان کا جمہوری حق دلایا اور ورکشاپ سے MOD یعنی مارشلائی ضابطے کو ختم کرایا حکومت اور ریلوے انتظامیہ ریل کو پرائیویٹائز کرنے کے درپے ہے۔ پریم یونین انتظامیہ کو ریلوے کو صحیح معنوں میں بحال کرنے کا ایک روڈ میپ دینے کو تیار ہے۔ جس ایسی قابل عمل تجاویز دی جائیں گی جن سے اخراجات میں نمایاں کمی ہوگی اور ریلوے ایک کمرشل ادارے کی طرح چلے گا۔ ریلوے میں مسلح افواج کو جو سب سڈی دی جاتی ہے اسے ختم کرکے منسٹری آف ڈیفنس یا حکومت پاکستان کی طرف سے ریلوے کو ادا کیا جانا چاہیے۔ اسی طرح ریلوے میں مال گاڑیوں کے نظام کو موثر بنایا جائے۔ ریلوے سے جڑے ہوئے تمام کاروبار شفاف اور بہتر طریقے سے چلائیں جائیں۔ ریلوے کے جو پراجیکٹ سی پیک سے متعلقہ ہیں انہیں فی الفور مکمل کیا جائے۔ بڑے شہروں میں سرکلر ریلوے چلایا جائے۔ ریلوے پریم یونین پرائیویٹائزیشن کے عمل کو مسترد کرتی ہے۔ اس لیے کہ یہ قومی خدمت کا اداریہ ہے سروسز کی قیمت پر جگہ حکومتیں ادا کرتی ہیں پاکستان میں اورنج ٹرین میٹرو بس سروس اس کی زندہ مثال ہے اور ہم اس کی مزاحمت کریں گے۔ اور ملازمین کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ تنخواہیں بروقت ادا کی جائیں۔ ملازمین کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں۔ انہوں نے ورکرز یونین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ CBA ہونے کا حق ادا کرے۔ بلاتاخیر چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرے اور مزدوروں سے کیے گئے وعدے ایفا کرے۔ ریلوے کی نجکاری کے خلاف اپنا لائحہ عمل دے، پریم یونین ،اپنے پلیٹ فارم سے ملازمین کی فلاح و بہبود جاری رکھے گی۔