مزید خبریں

حسن بلال ہاشمی اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ منتخب

لاہور (نمائندہ جسارت) جامعہ پنجاب لاہور میں اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا 71 واں تین روزہ سالانہ اجتماع برائے ارکان منعقد ہوا۔ اجتماع کے مختلف سیشنز سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق، راشد نسیم و دیگر نے خطاب کیا۔ اجتماع کے دوران آئندہ سال کے لیے جمعیت کے ناظم اعلیٰ کا انتخاب بھی کیا گیا، ووٹنگ میں 2 ہزار سے زائد اراکین جمعیت نے حصہ لیا اور کثرت رائے سے بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے طالب علم حسن بلال ہاشمی کو ناظم اعلیٰ منتخب کیا جبکہ بین الاقوامی اسلامک یونیورسٹی کے طالب علم اسامہ امیر کو سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا۔ اپنے افتتاحی خطاب میں نو منتخب ناظم اعلیٰ نے طلبہ پر اپنی تعلیم اور تربیت پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔ حسن بلال ہاشمی کا کہنا تھا کہ اچھا طالب علم ہی جمعیت کا اچھا کارکن ثابت ہو سکتا ہے، اس سال کا ہدف زیادہ سے زیادہ طلبہ کو جمعیت کی دعوت سے متعارف کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ یونین کے انتخابات کے لیے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔دریں اثناء نو منتخب اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان برادر حسن بلال ہاشمی نے اراکین مجلس شوری سے مشاورت کے بعد برادر نوید نادر مگسی کو معاون معتمد عام مقرر کیا ہے جبکہ اراکین صوبہ جات سے استصوابِ رائے کے بعد عمیر شامل کو ناظم سندھ ، ابوذر غفاری کوناظم پنجاب جنوبی،انجینئر تصور حسین کاظمی کوناظم پنجاب شمالی، بہادر خان کاکڑکو ناظم بلوچستان ، وسیم حیدرکو ناظم خیبر پختونخوااورراجا حارث کو ناظم آزاد کشمیر و گلگت بلتستان مقرر کیا ۔واضح رہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ ہر سال اپنے بالائی نظم کا انتخاب ارکان کی خفیہ رائے دہی کے ذریعے کرتی ہے۔قبل ازیں اجتماع کے دوران ملک بھر میں قائم جمعیت کے سیکڑوں یونٹس کی سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس پر اراکین جمعیت نے اطمینان کا اظہار کیا۔