مزید خبریں

قانون کے مطابق کام کرنے والے مایو س نہ ہوں ، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2 خوشخبریاں دے کر جاؤں گا، جسٹس صلاح الدین نے 2 دن میں ججز لاجز اور کورٹ کی شفٹنگ کے انتظامات مکمل کیے، میرپورخاص میں ہفتہ میں 2 دن ڈویژن بینچ کام کرے گا، میرپورخاص میں بہت جلد بینکنگ کورٹ کا قیام بھی عمل میں لائیں گے، میرے لیے تمام بار ایسوسی ایشن بہت اہم ہیں۔ اس موقع پر اس موقع پر سینئر پیونی جج جسٹس محمد شفیع صدیقی، جسٹس صلاح الدین پنہور، جسٹس محمد جنید غفار، جسٹس امجد علی سہتو، جسٹس امجد علی بویو، جسٹس ارباب علی ہکڑو جسٹس خادم حسین سومرو، کمشنر فیصل احمد عقیلی، ڈی آئی جی تنویر عالم اوڈھو، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید احمد مسعود اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کا پیشہ سب سے اہم ہے، وکلاء اپنے دائرے میں رہتے ہیں کام کرتے رہیں، قانون کے مطابق کام کرنے والے جوڈیشری سے مایوس نہ ہوں، ہماری تمام جوڈیشری صرف اللہ سے ڈرتی ہے، ججز پر کسی کا پریشر نہیں، صرف اللہ سے ڈرتے ہیں، وکلاء اپنا کیس تیاری کے ساتھ پیش کریں، باقی فیصلہ جوڈیشری پر چھوڑ دیں، کہیں یہ تصور نہیں کہ جج اور وکیل آپس میں اُلجھ جائیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں وکلاء کو اعتماد دینا ہے کہ تمام بار اور تمام کورٹس ہمارے لیے اہم ہیں، میری خواہش تھی کہ یہاں سرکٹ کورٹ بنی ہے لیکن ڈویژنل بینچ بھی ہو، سرکٹ بینچ کی عمارت کے لیے میں نے جسٹس صلاح الدین پہنور کو بھیجا اور انہوں نے وہ کام کر دکھایا جو میں کرنے میں زیادہ وقت لگاتا، ہائیکورٹ میرپورخاص میں کافی کیسز آ گئے اور کافی پائپ لائن میں ہیں جو یہاں جلد آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ کے لیے جو جگہ دیکھی ہے ان کی تزئین و آرائش کر کے جلد ہائی کورٹ کے سیٹ اپ کے ساتھ ججز کی رہائشگاہیں بھی بنا دیں گے، 10 سے 15 دن میں تمام کیسز ہائیکورٹ منتقل ہو جائیں گے، بطور وکیل نرم رویہ رکھیں، عدالتوں کا احترام کریں اور ان سے مایوس نہ ہوں،ہمیں وکلاء کو اعتماد دینا ہے کہ تمام بار اور تمام کورٹس ہمارے لیے اہم ہیں۔ اس سے قبل چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی ایک روزہ دورے پر میرپورخاص پہنچے، دورے کے دوران چیف جسٹس نے سینٹرل جیل میں قیدیوں کے لیے ویڈیو لنک سماعت سہولت کا افتتاح کیا۔