مزید خبریں

بند کمروں میں فیصلے کرنیوالے عوام کی نظروں میں وقار کھو چکے ، جاوید قصوری

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی طرح پی ڈی ایم ٹو کا تجربہ بھی ناکام ہو گا، عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر مخصوص لوگوں کو نوازا گیا، یوں محسوس ہوتا ہے کہ عوامی رائے کی کوئی اہمیت نہیں، ملک میںجس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے، بند کمروں میں عوامی تقدیر کے فیصلے کرنے والے عوام کی نظر وں میں اپنا وقار کھو چکے ہیں، کٹھ پتلی تماشا زیادہ دیر نہیں چل سکتا، ملک و قوم کو اصل محب وطن، ایماندار اور کرپشن سے پاک قیادت کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی ملک میں مہنگائی کا طوفان آگیا ہے، ہر چیز کی قیمت کو پر لگ گے ہیں، حکومت ذخیرہ اندوزوں پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے محکمہ شماریات کی تازہ رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 30 فیصد کی سطح پر آگئی، تاہم ملک میں مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر 22ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ آمدن رکھنے والا طبقہ متاثر ہوا، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 29.15 فیصد، اس کے علاوہ 29 ہزار 518 روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 32.72 فیصد جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 28.228 فیصد رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس کے بلوں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی، نگراں حکومت نے بھی پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کی حکومتوں کا تسلسل برقرار رکھا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ ملک و قوم کے مسائل کا حل مستحکم جمہوری نظام میں ہے، متشدد اور انتشار والی سیاست کی اب ملک میںجگہ نہیں، مثبت رویوں کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، ملک و قوم کو بحرانوں کی دلدل میں دھکیلنے والے ایک مرتبہ پھر مسیحا کا لبادہ اوڑھ کر آ گئے ہیں۔