مزید خبریں

سجاول : بے امنی میں اضافہ، وارداتیں روز کا معمول

سجاول (نمائندہ جسارت) شہر میں بے امنی، روزانہ آئے دن چوری، ڈاکا زنی، موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتیں روزانہ ہونے لگیں، بیوپاریوں سے دن دیہاڑے لوٹ مار، منشیات، جوا، آکڑا پرچی اور دیگر وارد اتوں کے خلاف شہری اتحاد سجاول اور دیگر سماجی، سیاسی، مذہبی جماعتوں اور تاجر تنظیموں کی جانب سے شہر کے مشہور ماموں لاڈو ہوٹل سے بڑی ریلی نکالی گئی اور بعد میں مظاہرین ایس ایس پی آفس پہنچے جہاں پولیس کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر مظاہرین ایس ایس پی آفس کے آگے بدین/کراچی و سجاول روڈ کی مین شاہراہ پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شہری اتحاد سجاول کے چیئرمین نثار میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب سے ضلع میں خاتون ایس ایس پی شہلا قریشی مقرر ہوئی ہیں تب سے ضلع میں بے امنی، چوری، ڈکیتی، شہریوں اور تاجر وں سے لوٹ مار، موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوامی نمائندے اور سیاسی لیڈر الیکشن آتے ہی ووٹ لے کر شہریوں کی آنکھوں سے اوجھل ہوجاتے ہیں، انہیں عوام کے ساتھ ہونے والے ظلم و زیادتیوں سے کچھ لینا دینا نہیں، وہ الیکشن میں جائز نا جائز طریقے سے کامیاب ہوکر اپنے بنگلوں میں آرام فرما ہیں۔