مزید خبریں

Jamaat e islami

مینڈیٹ پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دینگے،جاوید قصوری

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ 8 فروری کو ملک بھر میں انتخابات کے نتائج کو جس انداز میں تبدیل کیا گیا، اس سے ساری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ہے، عالمی ادارے، مبصرین اور ممالک تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں، جماعت اسلامی اپنے مینڈیٹ پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دے گی، ملک و قوم کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بحران کا شکار کر دیا، عوام میں مایوسی بڑھ گئی ہے، دھاندلی اور بدانتظامی کی تحقیقات تک انتخابی نتائج تسلیم نہیں کرتے،تحفظات کو دور کرنے کے لیے آزاد، غیر جانبدار تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انتخابی نتائج مسترد کرتے ہوئے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن درحقیت سلیکشن کمیشن بن چکا ہے، غیر سرکاری تنظیم فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) کے مطابق آراو آفس میں مبصرین کو جانے نہیں دیاگیا، شفافیت پولنگ اسٹیشن پر قائم رہی لیکن آراو کے دفترمیںشفافیت پرسمجھوتا ہوا، جس سے حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے ۔ 8 فروری کو ملک میں 6 کروڑ ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا ، لیکن نتایج تبدیل کر کے عوام کے اعتماد کو جس طرح مجروح کیا گیا اس کی مثال ملکی تاریخ میں کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پر امن جماعت ہے اور ہم نے ہمیشہ ملک میں سیاسی استحکام کی بات کی ہے لیکن جس انداز میں ہمارے حق پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے یہ عمل قبول نہیں، مفادات کی سیاست نے ملک و قوم کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ ظلم و ستم کے اس نظام نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا، جاگیر داروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کے ساتھ مافیا ز نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے، کرپٹ افراد ایک مرتبہ پھر ملک و قوم پر مسلط کیے جا رہے ہیں۔