مزید خبریں

Jamaat e islami

میرپورخاص : سماجی رہنما اور عوام کے مسیحا حاجی محمد یوسف گایا انتقال کر گئے

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) ممتاز سماجی شخصیت اور مسیحا حاجی محمد یوسف گایا اپنے خالق حقیقی سے جا ملے، ان کی تدفین کراچی میں کی گئی مرحوم نے تن تنہا اپنی ایک الگ دنیا بنا رکھی تھی اور گزشتہ کئی سال سے عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں مصروف تھا، غریب و مستحقین کو ہر ہفت راشن کی فراہمی، ہفتے 2 سے 3 بار مدرسوں میں گوشت کی فراہمی، اپنی ذاتی زمین پر لگائی جانے والی گندم وہ بھی خیرات میں بانٹنا، آم کے سیزن میں اسی فصل میں لگنے والے آم بھی ضرورت مندوں کو دینا، نہ جانے کتنے ہی بے روزگاروں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے، متعدد لوگوں کو ٹھیلے اور چنگچی رکشہ مفت میں لے کر دیے، ٹھیلوں کے ساتھ آلو پیاز اور دیگر سبزیاں اور فروٹ بھی مفت میں فراہم کیے تاکہ غریب لوگ باآسانی اپنا روزگار کما سکیں۔ انہوں نے فلاحی اسپتال بنایا جہاں بہت ہی معمولی پیسوں میں ڈلیوری کے آپریشن ہوا کرتے ہیں، خون کے عطیات بھی ان کے اسپتال سے ملا کرتے ہیں، وائٹ سیل بھی جو پورے میرپورخاص میں نہیں ملتے، اس کی سہولت بھی ان کے پاس موجود تھی، اس کے ساتھ غریب لڑکیوں کی شادی بیاہ میں بھی بڑھ چڑھ کر ان کی مدد کرتے تھے، جہیز کا سامان دینا اور ان کی شادی میں پکنے والے کھانے کا سامان بھی دیا جاتا تھا، مرحوم غریب عوام کے لیے ایدھی تھے۔