مزید خبریں

Jamaat e islami

سوئی ناردرن نے پریذیڈنٹ ٹرافی جیت لی ،واپڈا کو 519رنز سے شکست

راولپنڈی (اسپورٹس ڈیسک) پریذیڈنٹ ٹرافی کے فائنل میں سوئی ناردرن نے واپڈا کو 519 رنز سے شکست دیدی۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 5 روزہ فائنل تیسرے دن ہی ختم ہوگیا، جس میں سوئی ناردرن نے واپڈا کو آؤٹ کلاس کردیا۔ گزشتہ روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سوئی ناردرن نے دوسری اننگز 121 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی اور 346 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔ بلاول بھٹی نے14چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے 101 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی تیسری سنچری ہے۔ مبصرخان صرف 9 رنز کی کمی سے چوتھی فرسٹ کلاس سنچری مکمل نہ کرسکے۔ ان کی 91 رنز کی اننگز میں 14 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔واپڈا کی طرف سے آصف آفریدی نے 149 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔واپڈا کو جیتنے کے لیے 686 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن پوری ٹیم صرف166 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ایاز تصور نے 51 رنز اسکور کیے۔ عمر عابد کیانی نے 40 رنز بنائے۔میرحمزہ نے50 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔پہلی اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرنے والے شاہنواز دھانی نے 2 وکٹیں حاصل کیں اس طرح انہوں نے میچ میں9 کھلاڑی آؤٹ کیے۔بلاول بھٹی نے بھی 2کھلاڑی آؤٹ کیے۔وکٹ کیپر حسیب اللہ نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی4 کیچز کیے۔