مزید خبریں

حکومت کا فوجی عدالتوں سے متعلق فیصلے پر اپیل دائر کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے سویلینز کے ملٹری کورٹس میں ٹرائل کو غیر آئینی قرار دینے کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق عدالت عظمیٰ کی جانب سے پیر کو سنائے گئے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کی جائے گی تاہم وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کاکہنا ہے کہ حکومت تفصیلی فیصلے کا انتظار کرے گی۔مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ وزارت قانون دیگر اداروں کے ساتھ مل کر فیصلے کا جائزہ لے گی، اس معاملے پر وزار ت
قانون کی رائے کو مد نظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کابینہ کرے گی۔پیر کو عدالت عظمیٰ کی جانب سے سنائے گئے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملٹری کورٹس میں سویلینز کا ٹرائل غیر آئینی ہے، اور قرار دیا کہ 9 اور 10 مئی کے واقعات کے حوالے سے گرفتار 103 افراد کا ٹرائل عمومی یا خصوصی قوانین کے تحت قائم کردہ فوجداری عدالتوں میں کیا جائے۔یہ واضح نہیں کہ ان 103 افراد کی تحویل اب سویلین حکام کو سونپی جائے گی یا نہیں، یا پھر یہ معاملہ اس وقت تک لٹکا رہے گا جب تک آنے والے دنوں میں اپیل دائر نہیں ہو جاتی۔