مزید خبریں

کراچی میں ہزاروں خواتین کا مارچ ۔حکمراں فلسطینیوں کی مدد کیلیے آگے بڑھیں ،حافظ نعیم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی اور اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے بدھ کو جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت مشرق سینٹر ، گلشن اقبال میں ’’خواتین مارچ ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارچ میں شریک بچے اور خواتین مطالبہ کررہے ہیں کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکٹر اور آرمی چیف عاصم منیر آگے بڑھیں اور فلسطینی مسلمانوں کی عملی مدد کے لیے عالم اسلام کی افواج کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے پیش قدمی کریں اسرائیل خود پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوجائے گا ۔اسرائیل سے تعلقات بڑھانے والے سن لیں کہ پوری امت کے عوام حماس کے مجاہدین اور فلسطین کے مسلمانوںکے ساتھ ہیں۔مسجد اقصیٰ اور قبلہ اول کی آزادی کے لیے ہمارے سینوں میں جذبہ جہاد اور شوق شہادت کی تمنا موجود ہے۔ ہم فلسطین کے مسلمانوں کی مالی امداد کریں گے اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی جاری رکھیں گے ۔مارچ میں بیٹھک اسکول کی طالبات اوربچے،بچیوں سمیت خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔خواتین نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اُٹھائے ہوئے تھے اور ماتھوں پر سرخ رنگ کی پٹیاں باندھی ہوئی تھیں جس پر لبیک یا اقصیٰ تحریر تھا ،خواتین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز بھی اُٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھاکہ( I stand with Hammas،Free palstine، We Stand with Palestine for this our Duty Divine) فلسطینیوں سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ، فلسطینی مسلمان اسلام دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے، ہم فلسطینیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، بیت المقدس ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔مارچ میں خواتین نے اسرائیل کا پرچم زمین پر روند کر پیغام دیا کہ ہم کسی صورت ناجائز ریاست قبول نہیں کریں گے۔’’خواتین مارچـ‘‘ میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطیہ نثار،ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب، ناظمہ کراچی اسما سفیر،نائب معتمدہ صائمہ افتخار، ناظمہ ضلع قائدین نزہت ذاکر، ناظمہ ضلع شرقی ندیمہ تسنیم ودیگر بھی موجود تھیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ اسرائیل فلسطین میں دہشت گردی کررہا ہے ، برطانیہ، اٹلی، جرمنی اور امریکا نے دہشت گرد اسرائیل کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیل کی دہشت گرد صہیونی افواج فلسطینی بچوں، بوڑھوں اور جوانوں کا بے دریغ قتل عام کررہی ہیں، غزہ کا قبرستان معصوم بچوں سمیت فلسطینی مسلمانوں کی لاشوں سے بھر گیا ہے ،حماس کے نوجوان اسرائیل کے سامنے مزاحمت کا راستہ اختیار کیے ہوئے ہیں،مسجد اقصیٰ ہر مسلمان کی ہے، حماس کے مجاہدین تمام مسلمانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے اس کی آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں، حماس کے مجاہدین نے اسرائیلی دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دے کر اس کے عزائم اور غرور خاک میں ملادیے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ جوبائیڈن روز کہتا ہے کہ اسرائیل ٹھیک کررہا ہے۔ یہ مسلم حکمرانوں کے لیے سوالیہ نشان ہے جو سوائے زبانی جمع خرچ کے کچھ نہیں کر رہے ہیں۔اسلامی ممالک کی 70 لاکھ سے زائد افواج اور حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ اگر مسلم حکمران مسجد اقصیٰ کی حفاظت نہیں کرسکتے تو کیوں ہمارے سروں پر مسلط ہیں۔حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں، اب عوام میں اسرائیل کی دہشت گردی کے خلاف شدید غم وغصہ موجود ہے۔ہمارے حکمران فلسطین کی مدد کے لیے آگے آئیں اور عملی اقدامات کریں یا اقتدار چھوڑدیں ۔