مزید خبریں

اقوام متحدہ مسئلہ فلسطین و کشمیر کے حل میں ناکام ر ہا، منیر اکرم

اقوام متحدہ (اے پی پی)اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے کہا ہے کہ 1945ء میں اپنے قیام کے بعد سے اقوام متحدہ کی بہت سی کامیابیوں کے باوجودفلسطین اور کشمیر کے لوگوں کے لیے حق خود ارادیت اور غیر ملکی قبضے سے آزادی حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ کی79ویں سالگرہ کے موقع پر کہاکہ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے فلسطینیوں کا جاری قتل عام اور بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کے لوگوں کے انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں اقوام متحدہ کی ناکامیوں کی سب سے نمایاں مثالیں ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی امن اور سلامتی کو درپیش پرانے اور نئے خطرات ، ابھرتی ہوئی بڑی طاقت کے تنائو ،نئی جوہری اور روایتی اسلحے کی دوڑ کو روکنے،جامع عالمی اقتصادی ترقی ، موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے خطرات پر قابو پا نے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی صلاحیت کو مزید تقویت دینے پر زور دیا۔ پاکستانی سفیر نے مزید کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کے اصولوں اور مقاصد کو برقرار رکھنے کا پختہ اور مستقل عزم رکھتا ہے، ہم اقوام متحدہ کی 79ویں سالگرہ کے موقع پر ادارے کے چارٹر کے پائیدار مقاصد اور اصولوں کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور دنیا کے پرامن ،خوشحال مستقبل کے لیے تنظیم کی مکمل اور مثبت صلاحیت کو بروئے کار لانے کی کوشش جاری رکھیں گے۔