مزید خبریں

۔42عرب اور مسلم ممالک کل فلسطین سے براہ راست نشریات کریں گے

 

جدہ،قاہرہ (صباح نیوز)اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن 57 میں سے 42 ممالک جن میں زیادہ تر عرب ممالک شامل ہیں وہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اور غزہ میں اسرائیلی مظالم کو دکھانے کے لیے ٹی وی چینلز پر براہ راست نشریات دکھائیں گے۔مصری ویب سائٹ اجیپٹ ٹوڈے کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کی ریڈیو اور ٹی وی سے متعلق کمیٹی کے مطابق دنیا بھر کے مسلمان اور عرب ممالک کے متعدد سرکاری اور نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو اسٹیشنز فلسطین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی) کے ٹیلی وژن اور ریڈیو نیٹ ورک کے تعاون سے براہ راست نشریات دکھائیں گے۔دنیا بھر کے عرب ممالک اور مسلمان ممالک کے ٹی وی چینلز اور ریڈیو اسٹیشنز 21 اکتوبر کو دوپہر کو ایک گھنٹے کے لیے فلسطینی صورتحال پر براہ راست نشریات دکھائیں گے۔مذکورہ معاملے کے لیے فلسطینی ٹیلی وژن نیٹ ورک نے خصوصی نشریات کا اہتمام کیا ہے اور انہوں نے فلسطین بھر سے دنیا بھر کو صورت حال سے آگاہ کرنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔فلسطینی ٹیلی وژن نیٹ ورک 21 اکتوبر کو تمام رپورٹرز کو فلسطین میں اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی تباہی دکھانے کے لیے رپورٹنگ کرنے کی ہدایات کر چکا ہے جب کہ خصوصی نشریات کے دوران سیاسی، سماجی، ماہرین صحت اور انسانی حقوق کے رہنماوں کے تجزیے بھی دکھائے جائیں گے۔زیادہ نشریات براہ راست ہوگی، تاہم ممکنہ طور پر کچھ ریکارڈڈ پروگرامات بھی دکھائے جائیں گے۔مذکورہ نشریات کو اسلامی تعاون تنظیم کی میڈیا سے متعلق ذیلی کمیٹی کے ارکان ممالک کے ٹی وی چینلز اور ریڈیو اسٹیشنز نشر کریں گے۔یہ واضح نہیں ہوسکا کہ مذکورہ نشریات کو پاکستان میں کون سے چینل اور ریڈیو اسٹیشنز نشر کریں گے، تاہم ممکنہ طور پر اسے سرکاری ٹی وی پر دکھایا جائے گا، جہاں سے نجی ٹی وی چینل بھی نشریات کو نشر کر سکیں گے۔اسلامی تعاون تنظیم کے پاکستان سمیت 57 ممالک میں ہیں، جن میں سے بعض ایسے ممالک بھی ہیں جو اسلامی نہیں ہیں لیکن وہاں اکثریت مسلمانوں کی ہے۔او آئی سی کے رکن ممالک افریقہ، ایشیا اور یورپ سمیت دنیا کے تمام خطوں میں موجود ہیں۔خیال رہے کہ فلسطین پر اسرائیلی حملے 7 اکتوبر سے جاری ہیں، جس میں ہلاک ہونے فلسطینی افراد کی تعداد ساڑھے تین ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔