مزید خبریں

نواز شریف ضمانت لیکر پاکستان آئینگے اور عدالت میں سرنڈر کرینگے ، رانا ثنا

 

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر و سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ قائد نواز شریف ضمانت لے کر پاکستان آئیں گے اور عدالت میں سرنڈر کریں گے، یہ تاثر بالکل بے بنیاد اور غلط ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے کوئی معاملات طے ہوئے ہیں،کیا ہم پرانے معاملات لے کر بیٹھ جائیں، یہ نہیں ہونا چاہیے کہ ہم اپنے دکھڑے لے کر بیٹھ جائیں ، اسی روش نے ملک کے حالات ابتر کیے ہیں،پاکستان اور عام آدمی کی فلاح و بہبود ہماری جدوجہد کا محور ہونا چاہیے، مسلم لیگ (ن) انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر خاموش نہیں ہے،کوئی پلان بی نہیں ہے ،نوازشریف 21اکتوبر کو ضرور آئیں گے، نوازشریف کسی ڈیل سے گئے نہ واپس آرہے ہیں ۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جنہوں نے ن لیگ اور نواز شریف کے ساتھ تجاوز کیا ہے کسی کو نہیں بھولیں گے، وقت آنے پر معاملات سیٹل ہوں گے، لیکن اس وقت اگر ہم بھی وہی سب کو پکڑلیں گے اور کسی کو نہیں چھوڑیں گے کی گردان کریں گے تو خود سے اور ملک دونوں سے زیادتی کریں گے۔ رانا ثنا کا کہنا تھا کہ نواز شریف آکر سب سے پہلے ملک کو مضبوط کریں گے، اس کے بعد 9 مئی واقعات کے ملزمان کے حوالے سے قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا، سانحے کی تحقیقات کا کچھ حصہ قوم کے سامنے لایا جائے گا، لیکن شاید سارا نہ لایا جاسکے۔ رانا ثنا نے بتایا کہ نواز شریف حفاظتی ضمانت لے کر آئیں گے اور عدالت کے سامنے سرنڈر کریں گے، قانونی ٹیم نے پوری تیار کرلی ہے۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ نو مئی کو سازش کے تحت پاکستان کے دفاع پر حملہ کیاگیا، فوج کے ادارے میں بغاوت کرنے کی کوشش کی گئی، اگر پی ٹی آئی اپنے مقصد میں کامیاب ہوجاتی تو ہم اس حال میں نہ بیٹھے ہوتے بلکہ تباہ کن اثرات ہوتے، پاکستان کے خلاف سازش کی معافی نہیں ہونی چاہیے۔