ہانگزو (جسارت نیوز):پاکستان نے ہانگ کانگ کو 68رنز سے ہرا کرایشین گیمز کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلوں کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔اس میچ کی نمایاں بات عامر جمال کی جارحانہ بیٹنگ اور اسپنرز کی عمدہ کارکردگی تھی۔سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز کا مقابلہ سری لنکا اور افغانستان کے میچ کی فاتح ٹیم سے6 اکتوبر کو ہوگا۔چین کے شہر ہانگزو کی زی جیانگ یونیورسٹی کرکٹ فیلڈ میں 19ویں ایشین گیمز کے کرکٹ ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جو مقررہ 20 اوورز میں160 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔جواب میں ہانگ کانگ کی ٹیم 18.5اوورز میں 92 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان قاسم اکرم سمیت 6 کرکٹرز نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا۔وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کے نتیجے میں پاکستان کو ایک موقع پر خاصی مشکل کا سامنا تھا۔اننگز کے پہلے ہی اوور میں مرزا بیگ بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے۔روحیل نذیر 13،حیدرعلی 4اور کپتان قاسم اکرم 12رنز بنا پائے،جب عمیر یوسف21رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو مجموعی اسکور صرف 54رنز تھا اور5وکٹیں گرچکی تھیں۔ خوشدل شاہ ایک چھکے کی مدد سے13رنز بنا سکے۔اس موقع پر آصف علی،عرفات منہاس اور عامر جمال کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے نتیجے میں پاکستان ٹیم160کے اسکور تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی ۔ آصف علی نے 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 25 رنز بنائے۔عرفات منہاس نے 2 چھکوں اور2 چوکوں کی مدد سے 25 رنز اسکور کئے۔عامرجمال نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 16 گیندوں پر 41رنز بنائے،ان کی اننگز میں2چوکے اور 4چھکے شامل تھے۔ہا نگ کانگ کی طرف سے آیوش شکلا سب سے کامیاب بولر رہے،انہوں نے49رنز دے کر 4وکٹیں حاصل کیں۔محمد غضنفرنے3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ہانگ کانگ کی اننگز میں پاکستانی اسپنرز مکمل طور پر چھائے رہے۔بابرحیات 29 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جس میں2 چھکے اور3 چوکے شامل تھے۔خوشدل شاہ نے 3 جبکہ قاسم اکرم،عرفات منہاس اور سفیان مقیم نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔بھارت کی کرکٹ ٹیم ایشین گیمز مینز کرکٹ کمپٹیشن کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ۔ بھارتی ٹیم نے ایشین گیمز مینز کرکٹ کمپٹیشن کیکوارٹر فائنل میچ میں نیپال کی ٹیم کو 23 رنز سے شکست دے کر ٹاپ 4 کے لئے کوالیفائی کیا۔ نیپال کی ٹیم بھارت کی طرف سے ملنے والا 203رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بناسکی۔ چینی شہر ہانگ زو میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میچ میں بھارتی ٹیم کے کپتان رتوراج گائیکواڑ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بناکر نیپال کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 203 رنز کا ہدف دیا۔ بھارت کے یشسوی جیسوال نے 49 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 8 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے انفرادی 100 رنز (سنچری) کی اننگز کھیلی ، نیپالی ٹیم کے دیپندرا سنگھ نے2 جبکہ سومپال کامی اور لامیچھانے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں نیپال کی ٹیم بھارت کی طرف سے ملنے والا 203رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بناسکی۔ بھارتی ٹیم کی طرف سے اویش خان اور روی بشنوئی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3,3 جبکہ ارشدیب سنگھ نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ یوں بھارتی ٹیم نے پہلے کوارٹر فائنل میچ میں نیپال کی ٹیم کو 23 رنز سے ہرا کر ایشین گیمز مینز کرکٹ کمپٹیشن کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔