کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نارتھ ناظم آباد بلاک ایل جیفکو گراؤنڈ میں پلانٹ لگانے کا معاملہ‘ عدالت نے گراؤنڈ ٹاؤن میونسپل کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔نارتھ ناظم آباد بلاک ایل جیفکو گراؤنڈ میں پلانٹ لگانے سے متعلق سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی جہاں ٹاؤن چیئرمین نارتھ ناظم آباد اور ڈی سی سینٹرل عدالت میں پیش ہوئے عدالت نے گراؤنڈ ٹاؤن میونسپل کے حوالے کرنے کا حکم جاری کردیا درخواست گزار کاکہناتھا کہ جیفکو گراؤنڈ میں پلانٹ لگانے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، اس پلانٹ کی وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں، عدالت کے حکم پر گراؤنڈ سے پلانٹ تو ہٹادیا گیا ہے لیکن اس کا ملبہ ابھی بھی پڑا ہے، اس مٹی کے اڑنے سے علاقے میں سانس کی بیماریاں پھیل رہی ہیں، عدالت کاکہناتھا کہ منتخب عوامی نمائندے آگئے ہیں تو یہ گراؤنڈ انکے حوالے ہونا چاہیے، گراؤنڈ میں جو بھی کام ہو اس میں ٹاؤن میونسپل کردار ادا کرے، عدالت نے ڈی سی سینٹرل سے استفسار کیاکہ اس گراؤنڈ کو بحال کرنے میں آپ کیا مدد کرسکتے ہیں؟ ڈی سی کاکہناتھا کہ سر اس میں ہمارے پاس کچھ نہیں ہوتا،بلدیاتی انتخابات کے بعد جو فنڈز آتے ہیں وہ ٹاؤن میونسپل کو جاتے ہیں، عدالت کاکہناتھا کہ تو آپ لیول کرکے درخت تو لگا سکتے ہیں۔