مزید خبریں

اسلامی جمعیت طالبات کے یوم تاسیس پر سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی محترمہ دردانہ صدیقی کا پیغام

بہت پیاری بیٹیو !
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
آپ سب کو جمیعت کا 55 واں یوم تاسیس بہت مبارک ہو۔

آج کے پر آشوب دور میں اسلامی جمعیت طالبات، اسلامی نظریات کے تحفظ اور دین کی سربلندی کے لیے مسلسل جدوجہد کی اعلی مثال ہیں۔جمیعت کا 55 سال کا سفر غلبہ دین کی جدوجہد کا لازوال سفر ہے۔جمیعت کا یہ سفر دعوت و عزیمت، تازہ دم جذبوں، انتھک جدوجہد اور بے لوث قربانیوں کی داستانوں سے پر ہے۔بلا شبہ ظلمتوں کے اس دور میں جمیعت امید کی ایک کرن ہے ، جس نے طالبات کی رہنمائی کر کے انہیں ایک عظیم مقصد سے جوڑ دیا ہے۔اقامت دین کی اس جدوجہد میں اسلامی جمیعت طالبات نے بصیرت قرآن، محبت و اطاعتِ اللہ و رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو زاد راہ بنا رکھا ہے۔ فکری اساس کی مضبوطی دعوت و تبلیغ کی تربیت ،قرآن و سنت کی تعلیمات سے آگاہی، عزم و حوصلہ اور بہترین ساتھیوں کی رفاقت جیسی نعمت جمعیت کی میراث ہیں۔

عزیز بیٹیو ! آج آپ کو اپنی تاریخ کا بڑا چیلنج درپیش ہے، مادہ پرستی، بے مقصدیت، نمود و نمائش، بے حیائی، وقت کا ضیاع اور سماجی بے راہ روی کا جبر بڑے معرکے ہیں اگر ماضی کی طرح آج بھی اسلامی جمعیت طالبات کی تحریک بصیرت قرآن سے مزین اور نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت سے شاداب ہوگی اور دعوتی دائرہ کار میں بریشم کی طرح نرم اور رزم حق و باطل میں فولاد کی طرح مضبوط ہوگی تو ان شاءاللہ وقت کا طاغوت بھی ہمیشہ کی طرح ذلیل ہو گا، رحمت خداوندی شامل حال رہے گی ، اللہ کا حکم سر بلند ہو گا اور باطل کا کلمہ سرنگوں ٹہرے گا۔

ارادے جن کے پختہ ہوں نظر جن کی خدا پر ہو
تلاطم خیز موجوں سے وہ گھبرایا نہیں کرتے

میرا پیغام ہے کہ اپنے عظیم مقصد کی کامیابی کے لیے قرآن سے اپنا تعلق زیادہ سے زیادہ مضبوط کریں کیونکہ اسلام کو غالب کرنے کے لیے قرآن کو غالب کرنا ہوگا اور اسی کے ذریعے اللہ رب العزت وہ سب کچھ عطا کرے گا جس کی امت مسلمہ کو تمنا ہے۔۔ یعنی۔۔۔۔۔۔۔ علم الحکمت کے گوہر، زندگی بسر کرنے کا راستہ، زمین میں خلافت اور آخرت میں مغفرت و جنت۔۔۔۔۔۔۔۔

اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ آپ کو دین کی سربلندی کے لیے ہر دم تیار رہنے اور موجودہ دور کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی طاقت و قوت عطا فرمائے آمین ۔

اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو۔
والسلام ۔۔۔۔دردانہ صدیقی
سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان