لاہور (جسارت نیوز) ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے تعاون سے ہونے والی پہلی اسپورٹس میڈیسن کانفرنس کا لاہور میں اختتام ہوگیا، آخری روز ہونے والی تقریب کے شرکا میں اے ایف سی کے ہیڈآف ا اسپورٹس میڈیسن ڈاکٹر گورچرن سنگھ،ایرانی فٹبال فیڈریشن کے ہیڈ آف اسپورٹس میڈیسن ظہرے ہراتیان،اے ایف سی کی ڈپٹی ہیڈ آف اسپورٹس میڈیسن، ایڈنا کیپریو، پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے رکن شاہد نیاز کھوکھر،سیکریٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر،ڈی جی اسپورٹس بورڈ پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل،پی ایف ایف کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر اعظم خان شامل تھے۔اے ایف سی اور پی ایف ایف کے باہمی معاون سے ہونے والے ایونٹ میں دنیا کے مختلف خطوں سے آنے والے انسٹرکٹرز نے مقامی ڈاکٹرز اور فزیوتھراپسٹ کو معلومات فراہم کرنے کے ساتھ اپنے تجربات سے آگاہ کیا،کانفرنس کے دوران 2ورکشاپس کا بھی اہتمام کیا گیا، پہلی میں کھیلوں میں کسی ہنگامی صورتحال،کھلاڑیوں کی ہیلتھ کیئر اور اسپورٹس میڈیسن سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں، دوسری میں ادویات، ڈوپنگ جیسے اہم معاملات سے آگاہی دی گئی۔ ڈاکٹر گورچرن سنگھ کا کہنا ہے کہ ا سپورٹس میڈیسن سیمنار اور ورکشاپس کی بہترین میزبانی پر پی ایف ایف کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،اے ایف سی ایسے پروگراموں کیلئے مستقبل میں بھی بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔شاہد نیاز کھوکھر نے کہا کہ ا اسپورٹس کی اہمیت سماجی سرگرمی سے بڑھ کر زیادہ ہوگئی، اب یہ ایک ایسی انڈسٹری بن چکی جو مسلسل نشوونما پارہی ہے،گراس روٹ سے ہی کھلاڑی کیریئر آگے بڑھاتے ہیں اس سطح پر تربیت اور علم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔