کراچی (اسٹا ف رپورٹر) گلوبل کپ آج سے کراچی میں شروع ہوگا جس میں 40 سال کی عمر سے زائد کرکٹرز شرکت کریں گے،پاکستان ویٹرنز ٹیم کی کپتانی مصباح الحق کریں گے، ٹورنامنٹ ٹرافی کی گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں تقریب رونمائی منعقد ہوئی اس موقع پر گلوبل کپ ٹورنامنٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین فواد اعجاز نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ویٹرنز کرکٹ کا بڑا ٹورنامنٹ ہو رہا ہے، ایونٹ میں امریکا، نیپال، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، کینیڈا، ہانگ کانگ ، یو اے ای اور میزبان پاکستان سمیت 8 ٹیمیں شرکت کرہی ہیں۔ پاکستانی ٹیم افتتاحی میچ آج امریکا کے خلاف کھیلے گی، پاکستان ویٹرنز ٹیم میں مصباح الحق، شاہد آفریدی، محمد سمیع، حسن رضا اور دیگر نامور کرکٹرز شامل ہیں۔ تمام انٹرنیشنل ٹیموں کو سخت سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے لئے گالف ٹورنامنٹ بھی رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ٹورنامنٹ کا نام ورلڈکپ رکھا گیا تھا جس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے اعتراض اٹھا یا تھا جس کے بعد ایونٹ کا نام گلوبل کپ رکھا گیا جو کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے منظور شدہ ہے۔