کراچی(کامرس رپورٹر)ایمپلائرز فیڈریشن پاکستان ( ای ایف پی) کے سابق صدر مجید عزیز نے کہا ہے کہ صنفی مساوات ایک بنیادی انسانی حق ہے جو پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ دیگر علاقائی ممالک کے مقابلے پاکستان میں خواتین کی شرکت اور معاشی ترقی میں حصہ بہت کم ہے اور اس کی بنیادی وجہ تعلیم، تربیت اور معاشی مواقع تک خواتین کی رسائی کا فقدان ہے۔یہ بات انہوں نے ایمپلائرز فیڈریشن پاکستان کے زیر اہتمام آئی ایل او کے تعاون سے’’کام کی جگہ پر صنفی مساوات پر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل ای ایف پی سید نذر علی،آئی ایل او کے نیشنل پروجیکٹ کوآرڈینٹر رضی مجتبیٰ، ممبر ای ایف پی بورڈ آف ڈائریکٹرز صدف ہاطف نے بھی خطاب کیا۔مجید عزیز نے کہا کہ کاروباری اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک سازگار ماحول فراہم کریں اور کام کی جگہ پر صنفی مساوات کو فروغ دینے کے لیے ملازمت میں خواتین کو مساوی مواقع فراہم کریں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ آنے والی پارلیمنٹ آئی ایل او کنونشن 190 کی حمایت اور توثیق کرے۔سیکرٹری جنرل ای ایف پی سید نذر علی نے کہا کہ محفوظ ، صحت مند معاشرے اور معاشی خوشحالی کے لیے صنفی مساوات بہت ضروری ہے۔ای ایف پی اپنی صنفی مساوات کی پالیسی پر نظر ثانی کر رہا ہے اور اسے نئے قانون سازی آئی ایل اوکنونشنز اور بین الاقوامی لیبر معیارات کے ساتھ ہم آہنگ کر رہا ہے۔یہ پالیسی رہنمائی فراہم کرے گی اور رکن تنظیموں کی حوصلہ افزائی کرے گی کہ وہ صنفی مسائل کو اپنی ملازمت اور ترقی کی پالیسیوں میں شامل کریں ۔