مزید خبریں

نگران حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 58 روپے فی لیٹر بڑھائے

کراچی(کامرس رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر محمد طارق یوسف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جو پہلے سے آسمان کو چھوتی مہنگائی کو مزید ہوا دے گی اور عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گی جبکہ ناقابل برداشت زائد کاروباری لاگت کی وجہ سے صنعت کے لیے سنگین مسائل پیدا ہوں گے۔ایک بیان میں صدر کے سی سی آئی نے نشاندہی کی کہ یہ انتہائی تشویشناک بات ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 26 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 17.34 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمت 331.38 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 329.18 روپے تک پہنچ گئی ہے جو کہ ناقابل قبول ہے کیونکہ اتنی زیادہ لاگت پر صنعتوں کو چلانا ناممکن ہے۔یہ مسلسل چوتھا اضافہ ہے جبکہ صرف نگران حکومت کے دور میں پیٹرول کی قیمت میں 58 روپے فی لیٹر سے زائد اضافہ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے پہلے سے بیمار معیشت کے لیے مزید مسائل پیدا ہوں گے کیونکہ زائد لاگت کی وجہ سے پیداواری سرگرمیوں میں کافی حد تک کمی ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافے کی وجہ سے عوام پہلے ہی زیادہ بوجھ کا شکار ہیں جس کے بعد اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے سے نہ صرف عوام بلکہ کاروباری و صنعتی طبقے میں بھی شدید اضطراب پایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی بحرانوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کو اپنے اخراجات اور بین الاقوامی وعدوں کو پورا کرنے کے لیے مطلوبہ ریونیو حاصل کرنے کے لیے سخت اقدامات کرنے ہوں گے۔