اوٹاوا (انٹرنیشنل ڈیسک) کینیڈا نے یوکرین کے لیے 32کروڑ 40لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کردیا۔ کینیڈا کے وزیر دفاع بِل بلیئر نے لائیڈ عسکری تربیتی کیمپ کے دورے کے دوران امداد کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ امداد برطانیہ کی زیرِ قیادت اتحاد کو فراہم کی گئی ہے۔ اتحاد کا کام یوکرین کو مختصر اور درمیانی مسافت کے فضائی دفاعی میزائل اور متعلقہ سسٹم فراہم کرنا ہے۔ وزیر دفاع بلیئر نے کہا کہ کینیڈا اور برطانیہ، روس کے غیر قانونی اور ناحق قبضے کے مقابل اپنے دفاع میں مصروف ملک ، یوکرین کے ساتھ ہیں۔ہم یوکرینیوں کی جسارت اور ہمّت کو سراہتے ہیں اور جنگ میں فتح کے لیے ضروری عسکری امداد فراہم کر کے ان کی مددکرنا جاری رکھیں گے۔ دوسری جانب یوکرین نے 6 نائب وزرائے دفاع کو عہدوں سے برخاست کر دیا۔خبررساں اداروں کے مطابق یوکرینی حکومت نے نائب وزارئے دفاع کی برخاستگی کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔یوکرین میں چند روز قبل وزیر دفاع کو بھی برطرف کیا گیا تھا ،جس کے بعد اب رستم عمروف کو نیا وزیر دفاع بنایا گیا ہے۔واضح رہے کہ یوکرین میں مقامی میڈیا وزارت دفاع میں بدعنوانیوں کے الزامات لگاتا رہا ہے۔