مزید خبریں

وزیراعظم ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام، صوبائی سطح پر فٹبال مقابلے شروع

حیدرآباد (جسارت نیوز)سندھ زرعی یونیورسٹی کی زیر میزبانی پرائم منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ اسپورٹس لیگ کے صوبائی سطح کے فٹبال کے مقابلے شروع ہوگئے۔ حیدرآباد کے پبلک اسکول میں صوبے کی پانچ ڈویژنز کے مرد و خواتین کھلاڑیوں کے فٹبال مقابلوں کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ جامعہ کے ترجمان کے مطابق پرائم منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ اسپورٹس لیگ کے فٹبال کے صوبائی سطح کے مقابلے شروع ہو گئے ہیں، سندھ زرعی یونیورسٹی اور آئی بی اے سکھر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی معاونت سے ان کھیلوں کی میزبانی کر رہی ہیں، صوبہ سندھ کے کراچی، حیدر آباد، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن کی میل اور فیمیل ٹیموں کے درمیان مقابلوں کا شاندار افتتاح پبلک اسکول حیدرآباد کے فٹبال گرائونڈ میں ہوا۔ افتتاحی تقریب کی صدارت وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کی جبکہ مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری میری ٹائم اینڈ افیئرزانجینئر صابر حسین قائم خانی تھے، ابتدائی طور پر پانچوں ڈویژنز سے منتخب ٹیموں کا مارچ پاسٹ ہوا۔ بعد ازاں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی نے طلبہ کیلئے بہتر معیاری تعلیم کے ساتھ کھیلوں کا بہترین ماحول فراہم کیا ہے اور خاص طور پر طالبات کیلئے مختلف انڈور اور آئوٹ ڈور گیمز کے کئی نئے مواقع میسر کئے ہیں، اس ضمن میں حکومت اور ہایئر ایجوکیشن کمیشن کا کردار قابل تعریف ہے۔