مزید خبریں

امریکا ، خالصتان کے حامیوں کی بھارتی قونصل خانے میں توڑ پھوڑ

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں خالصتان کے حامیوں نے سان فرانسسکو کے بھارتی قونصل خانے میں توڑ پھوڑ مچادی۔ خبررساں اداروں کے مطابق خالصتان کے حامیوں نے بھارتی قونصل خانے میں توڑ پھوڑ کرنے کے ساتھ ہی اس میں آگ لگانے کی کوشش کی سان فرانسسکو کی حکومت نے قونصل خانے کی عمارت میں ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے مجرمانہ کارروائی قرار دیا۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے اپنی ایک ٹویٹ پیغام میں کہا کہ امریکا میں سفارتی سہولیات یا غیر ملکی سفارت کاروں کے خلاف توڑ پھوڑ یا تشدد ایک مجرمانہ فعل ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعے کے بعد خالصتان کے حامیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر وڈیو جاری کی گئی،جس میں قونصل خانے پرحملے کی عکاسی کی گئی۔ وڈیو میں حال ہی میں کینیڈا میں خالصتان ٹائیگر فورس کے ایک اہم رہنما ہردیپ سنگھ نجر کی موت کا بھی ذکر کیا گیا،جس کو گردوارے میں بعض نا معلوم افراد نے قتل کر دیا تھا۔2018 میں جب کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھارت کا دورہ کیا تھا، تو اس وقت انہیں نئی دہلی کو مطلوب افراد کی ایک طویل فہرست سونپی گئی تھی۔ اس فہرست میں ہردیپ سنگھ نجر کا نام بھی شامل تھا۔ دوسری جانب کینیڈا میں خالصتانی تحریک کے حامیوں نے بھارتی سفارت کاروں پر حملے کی دھمکی دی ہے،جب کہ مودی سرکار نے کینیڈا میں فریڈم ریلی کے اعلان پر اوٹاوا کے سفیر کو طلب کرکے سخت احتجاج کیا اور سفارت خانے اور عملے کی حفاظت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔