مزید خبریں

ترکیہ اور مصرکے درمیان 10 برس بعد سفارتی تعلقات بحال

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکیہ اور مصر کے درمیان 10 سال بعد سفارتی تعلقات بحال ہوگئے۔خبر رساں اداروں کے مطابق رواں سال دونوں ممالک کے وزراتی سطح پر بات چیت شروع ہوئی اور دوستانہ پیغامات کا تبادلہ ہوا جس کے بعد سفارتی تعلقات کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔ ترکیہ اور مصر نے اپنے اپنے سفیر تعینات کردیے ہیں۔ یاد رہے کہ ترکیہ نے 2013 ء میں مصر کے منتخب صدر محمد مرسی کی معزولی اور فوج کی جانب سے اقتدار پر قبضے کی مذمت کی تھی۔اس کے بعد سے ہی دونوں ممالک کے تعلقات میں سرد مہری آگئی تھی۔مصر نے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے والی تنظیموں کی حمایت پر ترک سفیر کو بے دخل کردیا تھا جس کے جواب میں ترکیہ نے بھی مصری سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے ملک سے نکال دیا تھا۔اپنے دور میں صدر عبدالفتاح سیسی نے اخوان المسلمون کو کالعدم کرکے دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا تھا۔ ترکیہ نے کئی برس تک مصر کے اپوزیشن کارکنوں کوپناہ گاہ فراہم کی۔ برسوں کے منجمد تعلقات کے بعد دونوں ممالک نے مئی اور ستمبر 2021 ء میں تعلقات کی بحالی پر بات چیت کے لیے تحقیقی مذاکرات کیے تھے۔