مزید خبریں

ہنٹر کے اسکینڈل سے بائیڈن کی صدارتی انتخابی مہم متاثر

واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن کی دوسری صدارتی انتخابی مہم متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ۔ خبررساں اداروںکے مطابق جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کی جانب سے ٹیکس چوری اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے اعتراف کے بعد امریکی صدر کی دوسری صدارتی انتخابی مہم متاثر ہو سکتی ہے۔ تاہم ڈیموکریٹ رہنما طاہر جاوید کا کہنا ہے کہ ہنٹر بائیڈن ٹیکس دینے والے آزاد شہری ہیں اور ان کے معاملات کا والد سے کوئی تعلق نہیں ہے، اس لیے ٹیکس چوری معاملے سے جو بائیڈن کی مہم زیادہ متاثر نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر صدر بائیڈن اپنے بیٹے کا دفاع کرنا شروع کریں تو پھر بلاشبہہ ان کی انتخابی مہم متاثر ہوگی، جس کی توقع نہیں ہے۔ بائیڈن کی جگہ اگر ٹرمپ ہوتے تو وہ اپنے بچوں کا دفاع ضرور کرتے۔ دوسری طرف ریپبلکن رہنما ساجد تارڑ کا کہنا ہے کہ بائیڈن کے خاندان کی ایک تاریک تاریخ رہی ہے۔ نہ صرف ہنٹر بائیڈن بلکہ امریکی صدر کے بھائی پر بھی الزامات لگے تھے۔ انہوں نے جو بائیڈن کی حیثیت کا غلط فائدہ اٹھایا،جب کہ امریکی میڈیا اس کو چھپاتا رہا ۔ اس وقت امریکا اپنی تاریخ کے بدترین سیاسی بحران سے گزر رہا ہے ۔ جمہوری اصلاحات کی ضرورت ہے۔