مزید خبریں

ٹیلی میٹری سسٹم سے پانی تقسیم کا مسئلہ حل ہوجائیگا، خورشید شاہ

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کو بتایا ہے کہ پانی کی تقسیم کے حوالے سے ٹیلی میٹری سسٹم کی تنصیب سے بڑی حد تک مسائل حل ہوجائیں گے انہوں نے کہاکہ بلوچستان کا پانی پورا کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اجلاس کے دوران کمیٹی اراکین نے ملک میں گنے کی کاشت کم کرنے اور کپاس کی پیداوار میں اضافے کی تجاویز پیش کیں۔کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نواب محمد یوسف تالپور کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا اجلاس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ وفاقی وزیر ابی وسائل سید خورشید شاہ سمیت سیکرٹری آبی وسائل ،ارسا اور واپڈا حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران فلڈ کمیشن حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ پٹ فیڈر کینال سمیت مختلف مقامات پر پانی کی کمی رپورٹ ہوئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پٹ فیڈر کینال سے پانی چوری ہو رہا ہے تاہم یہ معلوم نہ ہوسکا کہ یہ پانی کون چوری کررہا ہے اس موقع پر رکن ارسا بلوچستان نے کہا کہ کم پانی مل رہا ہے اور ہمارا 38فیصد پانی چوری ہورہا ہے جبکہ رکن ارسا سندھ نے کمیٹی کو بتایا کہ سندھ کو 35فیصد پانی کم مل رہا ہے اس موقع پر وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے چیئرمین کمیٹی کو درخواست کی کہ بلوچستان کے پانی کی کمی کو پورا کیا جائے چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ بلوچستان سمیت صوبوں کا پانی کون چوری کررہا ہے۔