مزید خبریں

کان کنی کے شعبے سے ٹھیکیداری نظام ختم کیا جائے‘ عبدالستار

پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے مرکزی چیئرمین عبدالستار نے کہا ہے کہ غیر قانونی مائننگ کی وجہ سے کوئلے کی کانوں میں حادثات کے باعث اموات کی تعداد بڑھ رہی ہے،کوئلے کی کانوں سے ٹھیکیداری نظام ختم کرکے حکومت ، مائنز مالکان، مزدور اورچیف مائنز انسپکٹر اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے نبھائیں تو کوئلے کی کانوں میں حادثات کی روک تھام کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ صحت و سلامتی سمیت مائنز ورکرز کے حقوق کا تحفظ ممکن ہے۔ کانوں میں کام کرنے والے محنت کش اپنی جان دائو پر لگا کر کام کرتے ہیں، کوئلے کی کانوں میں حادثات معمول بن گئے ہیں، ٹھیکیداری سسٹم کی وجہ سے کان کنی کے شعبے میں مائنز لیبرسیفٹی قوانین پر عملدرآمد نہیں ہو رہا،جس کے سبب اکثر اوقات گیس کے اخراج سے کان منہدم ہونے کے واقعات پیش آتے ہیں جس کے نتیجے میں غریب مزدور شہید ہو جاتے ہیں، لہٰذا میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوںکہ کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی صحت وسلامتی کے قانون پر عملدر آمد کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی نجکاری کسی صورت منظور نہیں ، صوبائی حکومت پی ایم ڈی سی کے لیز شدہ معاہدوں کی پابندی کرے، علاوہ ازیں پی ایم ڈی سی کے جتنے بھی اثاثے صوبے کے اندر یا صوبے سے باہر ہیں۔ پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن ان اثاثوں وملکیت سمیت وہاں کے مقامی لوگوں کے حق ملازمت کا تحفظ چاہتی ہے۔