مزید خبریں

ٹرانسفارمر خراب ہونے سے نہ لوگوں کو مشکلات ہوتی ہیں، عبدالجبار خان

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے سائٹ ایریا ہاشمی کالونی میں ٹرانسفارمر پھٹنے سے زخمی ہونے والے افراد سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیسکو کی انتظامیہ فوری طورپر اس مسئلے کو حل کرے، ٹرانسفارمر معیاری کمپنیوں سے بنوائے جائیں تاکہ کسی بھی قسم کے حادثات سے بچاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے بھی اس طرح کے حادثات ہوتے رہے ہیں جس سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ، شدید گرمی میں بجلی کے ٹرانسفارمر پھٹنے اور خراب ہونے سے نہ صرف لوگوں کو گرمی میں مشکلات کا سامنا کرنا ہوتا ہے بلکہ یہ انتہائی خطرناک صورتحال اختیار کرجاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حیسکو انتظامیہ بجلی سے متعلق عوام کی شکایات پر توجہ دے کیونکہ پہلے ہی عوام معاشی بدحالی اور مشکلات کا شکار ہے، اوپر سے بجلی کی طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ، ٹرانسفارمر خراب ہونے کے واقعات نے ان کا جینا دوبھر کیا ہو اہے۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ، ڈیٹکشن اور دیگر حوالے سے بہت شکایات ہیں جن کا فوری طورپر ازالہ کیا جانا ضروری ہے، کیونکہ پیپلزپارٹی کی حکومت سے عوام زیادہ سے زیادہ توقعات رکھتے ہیں کہ وہ ان کے نہ صرف مسائل حل کرے گی بلکہ انہیں ہر ممکن ریلیف بھی پہنچائے گی۔