مزید خبریں

چوڑی فیکٹری مالکان کی زیادتیوں کے سبب مزدور بیمار ہورہے ہیں،محبوب عباسی

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)آل چوڑی انڈسٹریز لیبر اتحاد یونین سی بی اے کے صدر محبوب عباسی نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے ویسے ہی غریب مزدوروں کا جینا عبرتناک بنا دیا ہے اوپر سے چوڑی فیکٹری مالکان کی زیادتیوں کے سبب آئے دن مزدور حادثات کا شکار اور بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ اس سلسلے میں مزدوروں کی فریاد پر کئی بار سوشل سکیورٹی آفیسر کے پاس گئے ہیں اور مزدوروں کے اس سنگین مسائل کو حل کرنے کے لیے درخواست کی ہے لیکن سوشل سیکورٹی عملہ مزدوروں کو اپنے ادارے میں رجسٹرڈ کرنے کے بجائے فیکٹری مالکان سے رشوت لینے میں مصروف ہیں اور مزدوروں کے بجائے فیکٹری مالکان کو سہولیات سے نواز رہے ہیں۔ آفیسرز کا کہنا ہے کہ ہمیں اوپر سے ہدایات ہیں کہ فیکٹری مالکان کو تنگ نہ کیا جائے اور جو ملتا ہے وہ لے لیا جائے جو کہ ایک حیران کن سوال بنتا ہے کہ آخر ایسے کون سے کرپٹ افسران ہیں جو مزدوروں کے جائز کام کرنے سے روکتے ہیں۔آل چوڑی انڈسٹریز آٹومیٹک کٹائی لیبر اتحاد یونین سی بی اے کے صدر محبوب عباسی تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مزدوروں کے جائز مسائل حل کرنے کی اپیل کرتے ہیں اور فیکٹری مالکان سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تمام مزدوروں کو تقرر نامے جاری کرکے انہیں سوشل سیکورٹی میں علاج کی سہولت مہیا کریں اور ان کی تنخواہوں میں اضافہ کریں دیگر صورت مجبورا یونین کو ہڑتال کرنی پڑے گی اور ہڑتال تب تک قائم رہے گی جب تک مزدوروں کی ڈیمانڈ پوری نہیں کی جاتی۔