مزید خبریں

امراض قلب کے مریضوں کا فوری ٹیسٹ کے ساتھ علاج کرتے ہیں،شاہد جونیجو

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد و جامشورو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شاہد اسلام جونیجو نے کہا ہے کہ امراض قلب کے مریضوں کے کارڈیک ایمرجنسی سیکشن میں پہنچتے ہی اس کا فوری طور پرای سی جی اور دیگر لیبارٹری ٹیسٹ کے ساتھ علاج شروع کیا جاتا ہے۔ ایمرجنسی میں 22 بستروں کی گنجائش موجود ہے اور اگر فوری ایکو کی ضرورت ہوتی ہے تو اسی بستر پر مریض کا ایکو بھی کیا جاتا ہے جبکہ مریض کی حالت خطرے سے باہر ہوتے ہی ایمرجنسی سے کارڈیک کئیر یونٹ یا دل کے وارڈ میں شفٹ کر دیتے ہیں جہاں اس کا مزید تفصیلی علاج کیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ امراض قلب کے تفصیلی دورے کے دوران صحت کے حوالے سے کام کرنے والی سماجی تنظیم کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شعبہ امراض قلب کے انچارج و چیئرمین ڈاکٹر محمد کاشف شیخ، اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر شوکت علی لاکھو، اے ایم ایس کارڈیک بلاک ڈاکٹر ندیم محمود بیگ، رجسٹرار ایڈمن ڈاکٹر اکرم شاہ ،ڈاکٹرز اور تنظیم کے عہدیداران بھی موجود تھے ۔ڈاکٹر شاہد اسلام جونیجو نے کہا کہ ڈاکٹر محمد کاشف شیخ جو امراض قلب میں بیرون ملک سے تربیت یافتہ ہیں ان کی سربراہی میں امراض قلب میں 24گھنٹے کسی بھی وقت ایمرجنسی پڑنے کی صورت میں مریض کی انجیو گرافی کر تے ہیں اور ضرورت پڑنے پر دل کی بند شریانوں کو کھولنے کے لیے انجیو پلاسٹی بھی کی جاتی ہے۔انجیو پلاسٹی کے موقع پر مختلف شعبے مثلا آئی سی یو، نیفرولوجی، پلمونولوجی، گیسٹرو ڈپارٹمنٹ کے سینئر ڈاکٹر رابطے میں ہوتے ہیں، انجیو پلاسٹی کرنے کے دوران ضرورت پڑنے پر انہیں ہم فوری طور پر اپنی ٹیم میں شامل کر لیتے ہیں۔ انہوں نے بتا یا کہ شعبہ امراض قلب میں امراض قلب کے ماہر ڈاکٹرمحمد کاشف شیخ اور ان کی ٹیم اپنے شیڈول کے مطابق انجیو گرافی اور بند شریانوں کو کھولنے کے لیے انجیو پلاسٹی کر رہے ہیں جبکہ ڈاکٹروں میں مزید تربیت اور تیار کرنے کے لیے انڈر گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ، کاڑڈیولوجی، M-D، ڈپلوما ایف سی پی ایس کے علاوہ فیلوشف انٹر ویشنل کاڑڈیولوجی پروگرام کر رہے ہیں تاکہ امراض قلب کے شعبے میں مزید ڈاکٹروں کی کھیپ تیار کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کارڈیک کئیر یونٹ ون میں 22بستر جبکہ کارڈیک کئیر یونٹ 2میں 14بستروں پر مشتمل ہے اس کے علاوہ مردانہ جنرل وارڈمیں 12،اسی طرح زنانہ جنرل وارڈ بھی 12بستروں پر مشتمل ہے۔ ڈاکٹر شاہد اسلام جونیجو نے کہا کہ ہماری یہ شب و روز محنت اور کوشش کے پیچھے گورنمنٹ آف سندھ اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچو ہوکی اسپتال کے لیے خصوصی بجٹ فراہم کرنے کے ساتھ ہدایت کا نتیجہ ہے۔