مزید خبریں

شہداء کا وقار مجروح کرنے والوں کو قوم معاف نہیں کریگی،علماء مشائخ

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ملک بھر کے علماء مشائخ کی نمائندہ تنظیم علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان سفیر امن پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھیج پیر جٹا نے کہا ہے کہ28 مئی 1998ء کا دن پاکستان کے جغرافیائی دفاع اور عسکری حیثیت کو ناقابل تسخیر بنانے کے حوالے سے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،ایٹمی دھماکوں کی بدولت پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بن گیا، ایٹمی صلاحیت کے حصول سے پاکستان کی جغرافیائی سرحدیں محفوظ ہوئیں۔ 28مئی یوم تجدید عہد کا دن ہے، پاکستان عالم اسلام کا قلعہ اور پہلا ایٹمی ملک ہے،آج ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کی سلور جوبلی کے موقع پرتجدید عہد کرنا ہے کہ ملی یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور فوج کی پالیسیوں کے ساتھ کھڑے ہوں، 9 مئی کے واقعات انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں، شہداء کا وقار مجروح کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی اور نہ ہی کبھی بھولے گی، شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت ہی وطن عزیز قائم ہے۔وطن کے غیور عوام نے اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے اور پاک فوج سے بھرپور اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا خوش آئند ہے اور یہ تقریبات پاک وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء اور پاک افواج سے قوم کی والہانہ اور لازوال محبت ظاہر ہوتی ہیں،ان الفاظ کا اعادہ انہوں نے 28 مئی یوم تکبیر پاکستان کی سلور جوبلی کے موقع پر” یوم تکبیر تحفظ پاکستان ملی یکجہتی کا پیغام” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے صدارتی خطاب میں کیا۔ سیمینار سے پروفیسر ڈاکٹر جلال الدین نوری، پروفیسر ڈاکٹر سعید سہروردی، پیر سید ارشد حسین اشرفی،پروفیسر ڈاکٹردلاور خان، پیر سید محمد خرم شاہ جیلانی،پروفیسر ڈاکٹر علامہ سعید سہروردی، پروفیسر ڈاکٹرمہربان نقشبندی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ،پروفیسر ڈاکٹر علامہ ضیاء الدین، پروفیسر علامہ ڈاکٹر محمود عالم خرم آسی جہانگیری، مولانا سلمان بٹلہ،جمیل خان،سلیم بخاری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ 28 مئی پاکستان کے فخر کا دن ہے کہ 28 مئی کو پاکستان عالم اسلام کا پہلا ایٹمی طاقت بن کر اُبھرا، اس لیے 28 مئی کے دن کو یوم تکبیر کے نام سے منسوب کیا گیا یوم تکبیر دراصل یوم بقا ہے یوم استحکام ہے یوم وفا ہے یوم تجدیدِ سلامتی ہے یومِ یکجہتی ہے مسلمان جب بھی میدان کار زار میں اترتا ہے تو نعرہ تکبیر بلند کرتا ہے اور نعرہ تکبیر جتنی بار بلند کیا جائے کم ہے کیونکہ اگر اللہ کی کبریائی بیان کرنا ہی ہماری زندگی کا مقصد ہے تو یہ ورد ہمہ وقت کرنا چاہیے اور پاک فوج کے جوان جب یک آواز ہوکر نعرہ تکبیر بلند کرتے ہیں تو طاغوت کے ایوانوں کی بنیادیں ہلا کر رکھ دیتے ہیں پوری قوم کو پاک فوج پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 28 مئی کو چاغی میں جوہری تجربات کرکے دنیا کی ساتویں اور مسلم دنیا کا پہلا ایٹمی طاقت بنا، قوم ہمیشہ افواجِ پاکستان اور ڈاکٹر عبد القدیر خان اور ان کی ٹیم کی شکر گزار رہے گی اپنے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے پر ہم اپنے ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں،25 سال قبل 28 مئی 1998 کو بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا منہ توڑ جواب دے کر یہ بات ثابت کر دی تھی کہ پاکستان بھرپور ایٹمی پروگرام کی صلاحیت رکھتا ہے اور آ ج پاکستان کا ازلی دشمن بھارت ایٹمی قوت اور ناقابل تسخیر پاک فوج کی وجہ سے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملکی دفاع کی پہلی اور آخری لکیر ہے افواج پاکستان اور پاکستانی عوام ایک جان ہیں اسی لیے دشمن ہم سے مقابلہ نہیں کر سکتا ۔