مزید خبریں

سکھر: ایوانِ صنعت و تجارت کا بجلی کے بل معاف کرنے کا مطالبہ

سکھر (نمائندہ جسارت) ایوانِ صنعت و تجارت نے ستمبر سے نومبر تک بجلی کے بل معاف کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ جاری کردہ پریس بیان میں ایوان صنعت و تجارت سکھر کے صدر بلال وقار خان، دیگر عہدیداران اور سینئر اراکین نے مطالبہ کیا ہے کہ گزشتہ سال ستمبر سے نومبر تک بجلی کے بل معاف کیے جائیں۔ انہوں نے حال ہی میں حکومتی کابینہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس جس میں سیلاب زدہ علاقوں کے کمرشل صارفین سے مؤخر شدہ ستمبر تا نومبر 2022 کے واجبات تمام بجلی کی ڈسٹریبیوشن کمپنیوں کو وصول کرنے کے لیے احکامات جاری کیے گئے ہیں مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ ، سیلاب اور ملک کی معاشی صورتحال کے سبب کاروباری عدم استحکام کا شکار ہے جبکہ اس اقدام سے نہ صرف مالی نقصان، کاروبار کی بندش اور بیروزگاری میں اضافے کا مکمل امکان ہے بلکہ یہ چھوٹے کاروبار کا معاشی قتل کرنے کے مترادف ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال وزیراعظم کو سکھر دورہ کے موقع پر سکھر چیمبر نے 3 ماہ کے بجلی کے بل معاف کرنے سمیت دیگر تجاویز ان کی خدمت میں پیش کی تھیں اور اس کے لیے مزید کاوشیں کرتے ہوئے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف ، وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر خان و دیگر متعلقہ حکام کو سکھر چیمبر کے صدر نے خطوط ارسال کر دیے ہیں،اس کے علاوہ صدرِ ایوان نے سیپکو کمیٹی کے کنوینر عبدالعزیز شیوانی کو ہدایت جاری کی ہیں کہ سیپکو چیف سکھر سے ہنگامی بنیادوں پر میٹنگ کر کے جلد کوئی لائحہ عمل طے کیا جائے۔