مزید خبریں

حیدرآباد: تنظیم خادم انسانیت کا ہیٹ اسٹروک کیمپ

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) تنظیم خادم انسانیت کے زیر اہتمام شدید گرمی سے بچائو کے لیے ہیٹ اسٹروک کیمپ کا سخی پیر چوک اناج منڈی مارکیٹ روڑ پر انعقاد کیا گیا، جہاں تنظیم کے صدر حاجی فقیر محمد قریشی، جنرل سیکرٹری حاجی نعیم شیخ، خازن محمد اسلم انصاری، چیئرمین سجاد خان اور سلیمان شیخ نے شہریوں میں ٹھنڈے مشروبات کے ساتھ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے آگاہی پمفلٹ تقسیم کیے۔ اس موقع پر تنظیم کے صدر حاجی فقیر محمد قریشی نے کہاکہ شہری ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل اور غیر ضروری دھوپ میں گھروں سے نہ نکلیں، پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور اپنے سروں کو ڈھانپ کر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے، اپنی روز مرہ خوراک پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم خادم انسانیت اپنے نام کی طرح فلاحی کاموں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہی ہے اور یہ اسٹروک کیمپ بھی فلاحی کاموں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ جنرل سیکرٹری حاجی نعیم شیخ نے کہا کہ شہری خود کو دھوپ سے بچائیں اور زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم خادم انسانیت عملی طور پر فلاحی کاموں میں حصہ لیتے ہوئے دُکھی انسانیت کی خدمت کررہی ہے، آزمائش کی ہر گھڑی میں لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ شہریوں کی سہولت کے لیے اپنے اپنے علاقوں میں ہیٹ اسٹروک کیمپس کے انعقاد کو یقینی بنائیں اور زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کریں۔