مزید خبریں

علی محمد سہتو کی بلدیاتی اُمیدواران کو حلف اُٹھانے پر مبارکباد

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی حیدرآباد کے جنرل سیکرٹری علی محمد سہتو نے پی پی کے تمام نو منتخب بلدیاتی چیئرمینز، وائس چیئرمینزو جنرل کونسلرز کو حلف اُٹھانے پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد آپ تمام اپنے قائدین کے منثور روٹی، کپڑا، مکان کی پیروی کرتے ہوئے عوامی خدمات سر انجام دینے میں کوشاں ہو جائیں گے۔ علاقائی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر کے عوامی مقبولیت حاصل کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کو روشناس کرانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ بلدیاتی نظام عوامی رابطے کی پہلی سیڑھی و سیاست کی بنیاد ہے، جس سے آپ کے مراسم گلی، کوچے، محلے، علاقے کے ہر اس فرد سے ہوجاتی ہے جو وہاں رہائش پذیر ہے۔ آپ سب لوگ آپس میں ایک دوسرے سے دوستانہ ماحول میں گھر کے فرد کی حیثیت رکھتے ہیں، یہاں تک کہ شادی بیاہ موت، میت و دیگر تقریبات میں حصہ لیتے ہوئے فیملی ممبر کا کردار ادا کرتے ہیں۔ اگر اپنے علاقائی مسائل کا حل عوام کی دہلیز تک پہنچانے میں کامیاب ہوگئے تو مستقبل میں جنرل الیکشن میں پیپلز پارٹی پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی اُبھر کر سامنے آئے گی اور پھر چیئرمین بلاول زرداری کو مستقبل میں پاکستان کا وزیر اعظم بننے سے دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔