مزید خبریں

احتیاطی تدابیر اختیار کر کے لوگوں کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے،ظفر صدیقی

حیدرآباد (پ ر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان حیدرآباد کے زونل انچارج ظفر احمد صدیقی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبد یلیوں کا مقابلہ تو نہیں کرسکتے لیکن احتیا طی تدابیر اختیار کرکے ہم اپنے لوگوں کو محفوظ ضرور بناسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھائی خان ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے بھائی خان چوک پر ہیٹ اسٹروک ریلیف کیمپ کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بھائی خان ویلفیئر کے سرپرست محمد اشرف عباسی، جنرل سیکرٹری محمد یاسین آرائیں، سینئر نائب صدر خان آفتاب احمد خان، جوائنٹ سیکرٹری محمد اسماعیل شیخ، محمد حنیف شیخ، تعلقہ لطیف آباد کے چیئرمین حاجی عبدالحمید مٹھو، عبدالمجید دائودی ، فرحت عباس، عمیر عباسی،جہانگر عباسی ودیگر بھی موجود تھے۔ ریلیف کیمپ میں لوگوں کو آگاہی دینے کے حوالے پمفلیٹ،مشروبات اور ٹھنڈے پانی کی بوتلیں فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس ماہ محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی ہے کہ درجہ حرارت 45 سے 48 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے جس کی وجہ سے ہیٹ اسٹروک کا خطرہ ہے، اس لیے لوگوں کو چاہیے کہ دوپہر کے وقت بلا جوازباہر نکلنے سے گریز کریں، اگر زیادہ ضروری ہو تو اپنے سر کو سفید گیلے کپڑے سے ڈھانپ کر باہر نکلیں پانی ومشروبات کا استعمال زیادہ کریں۔ انہوں نے بھائی خان ویلفیئر کی جانب سے ریلیف کیمپ لگانے اورآگاہی مہم شروع کرنے پر ویلفیئر کے عہدیداران کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حالات کیسے بھی ہوں بھائی خان ویلفیئر انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ ویلفیئر کے سرپرست حاجی محمد اشرف عباسی نے کہا کہ تمام سرکاری اسپتالوں میںہیٹ اسٹروک کے علیحدہ سے وارڈ قائم کردیے گئے ہیں جہاں ان کی نگہداشت کے لیے ہر وقت عملہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیٹ اسٹروک کی علامات جس میں تیز بخار،خشک، گرم اور سرخ جلد کا ہونا،بے ہوش یا متلی یا الٹی کا ہونا شامل ہے، ایسی صورت میں اس فرد کو فوری طور پر اسپتال پہنچائیںکیونکہ تاخیر جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔ اس موقع پر بھائی خان ویلفیئر کے جنرل سیکرٹری محمدیاسین آرائیں نے بتایا کہ ہم نے تعلقہ سٹی اور تعلقہ لطیف آباد میں ڈور ٹو ڈور آگاہی مہم شروع کردی اور مختلف پبلک مقامات پر ٹھنڈے پانی کی سبیلیں لگانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔بعدازاں ظفر احمد صدیقی، حاجی محمد اشرف عباسی،محمد یاسین آرائیں و دیگر نے ربن کاٹ کر کیمپ کا افتتاح کیا۔