مزید خبریں

پڈ عیدن ،بجلی و گیس کی عدم فراہمی پر شہریوں کا احتجاجی مظاہرہ

پڈعیدن( نمائندہ جسارت)پڈعیدن سمیت نواحی علاقوں میں چار روز سے بجلی ہے نہ گیس درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ لوگ دہرے عذاب میں مبتلا،بجلی گیس کی عدم فراہمی کے خلاف شہریوں کا احتجاجی مظاہرہ ، ڈپٹی کمشنر شاہ زیب شیخ نے بجلی بحال کرنے کا عندیہ دے دیا ۔تفصیلات کے مطابق پڈعیدن سمیت نواحی علاقوں میں گزشتہ چار روز سے بجلی اور گیس کی عدم فراہمی کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر شاہ زیب نے بجلی کی جلد بحالی کا عندیہ دے دیا یے۔ ڈپٹی کمشنر شاہ زیب شیخ نے بتایا ہے کہ گزشتہ دنوں آنے والی شدید آندھی کے باعث گرنے والے KV 132 کی ہائی پا ور ٹرانسمیشن لائن کے ٹاور کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے جو امید ہے کہ آج رات تک مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹاور کی تنصیب کا کام نہایت پیچیدہ ہے اور سیپکو کی ٹیم انتہائی محنت سے کام کر رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر شاہ زیب شیخ کے رابطے کے بعدآج سیپکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سعید احمد ڈاوچ نے بھی کام والی جگہ کا معائنہ کیا ہے اور رات تک بجلی کی بحالی کا یقین دلایا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کل رات ایک کوشش کی گئی تھی اور مورو سے عارضی انتظامات کے تحت نوشہروفیروز شہر کو بجلی فراہم کرنے کی کوشش کی گئی تھی مگر لوڈ زیادہ ہونے کے باعث فیڈر بار بار ٹرپ ہو رہے تھے اور وولٹیج کی کمی کے باعث بجلی کی تنصیبات کے جلنے کا خدشہ تھا اس وقت ہماری ساری توجہ کنڈیارو کے قریب گرنے والے ٹاور کی تنصیب پر ہے تاکہ مستقل حل نکالا جائے۔ امید ہے کہ آج رات تک تمام متاثرہ علاقوں کو بجلی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔واضح رہے کہ پڈعیدن سمیت نواحی علاقوں میں گزشتہ چار روز سے بجلی معطل ہے جس کے باعث شدید گرمی میں لوگ بلبلا اٹھے جبکہ گزشتہ کئی روز سے کئی کئی گھنٹے بلاجواز گیس بند کی جارہی ہے جس سے پڈعیدن سمیت نواحی علاقوں کے عوام دہرے عذاب میں مبتلا ہو گئے ہیں لوگوں نے متعلقہ اعلیٰ احکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پڈعیدن سمیت نواحی علاقوں کی بجلی اور گیس جلد بحال کی جائے تاکہ عوام کو مشکلات سے بجایا جاسکے۔