مزید خبریں

باڈہ،شہریوں کا ریل کے سستے سفر کی بندش کیخلاف احتجاج

باڈہ (نمائندہ جسارت) اپر سندھ کے عوام کو ریل گاڑیوں کے سستے اور محفوظ سفر سے محروم رکھنے کے خلاف سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں باڈہ تعلقہ موومنٹ کی جانب سے موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر کامریڈ قادر بروہی کی قیادت میں پشاور، کوئٹہ، روہڑی، لاڑکانہ تا دادو سہون، کوٹری اور کراچی ٹریک پر خوشحال خان خٹک، بولان میل اور دیگر مسافر ریل گاڑیوں کی بحالی کے لیے ریلوے پھاٹک سے باڈہ اسٹیشن تک ریلی نکال کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں باڈہ شہر کی مختلف سیاسی سماجی تنظیموں کے رہنماؤں کامریڈ عزیز بروہی، دو دو دیشی، علی انور عسکری، کامریڈ اصغر نوناری، عبدالستار منگی، سید عاشق علی شاہ، محمد امین سیال، مور سندھی، افضل سانبھل، خان ڈھوٹ، رجب جت، نواب ڈھکن، حبدار ڈھکن، واجد نوناری، شعیب نوناری، رفیق انصاری، آصف ابڑو، فدا جھتیال، مزن جھتیال، ذیشان جت، عبداللہ جونیجو اور دیگر شہریوں نے ہاتھوں میں بینر اٹھائے سندھ حکومت، وفاقی حکومت اور محکمہ ریلوے کے خلاف فلک شگاف نعرے بازی کی۔ اس موقعے پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برساتوں سے لے کر اب تک محکمہ ریلوے نے ٹریک خراب ہونے کا بہانہ کرکے اتر سندھ کے عوام کو ریل گاڑی کے سستے اور محفوظ سفر سے محروم کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کے سندھ حکومت کے وزرا سے لے کر ایم پی ایز اور ایم این ایز نے بھی عوام کے اس دیرینہ مطالبے پر کبھی اسمبلیز میں بات تک نہیں کی جس کی ایک وجہ شاید یہ بھی ہے کہ حکمرانوں کی اپنی ٹرانسپورٹ جس میں کوچز، ڈوم اور وینیں چلتی ہیں اور وہ نہیں چاہتے کے عوام کو سستے سفر کی سہولیات فراہم ہوسکے۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اور پیپلزپارٹی لیڈیز ونگ سندھ کی صدر فریال تالپور سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے حکمران ہونے کی وجہ سے آپ پر فرض عائد ہوتا ہے کے اپر سندھ کی عوام کو ریل گاڑیوں کے سستے اور محفوظ سفر کی سہولیات فراہم کرکے عوام میں پھیلی بے چینی کو ختم کریں۔